الیکٹورل ریفارمز کے اعلان پر عمل بھی ہونا چاہیے: خرم نواز گنڈاپور
عمران خان باقی ماندہ مدت کا ہر لمحہ نظام بدلنے کے لئے استعمال کریں
ماڈل ٹاؤن کے مظلوموں کو انصاف دلوا کر تبدیلی کے نعرے پر عمل کریں
نواز شریف نے ڈاکٹر طاہرالقادری اور کارکنان پر جھوٹے مقدمات درج کروائے
تحریک انصاف کی حکومت میں عوامی تحریک کے ساتھ ناانصافی کیوں ہو رہی ہے؟
لاہور (6 مارچ 2021ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ عمران خان اقتدار کی باقی ماندہ مدت کا ہر لمحہ اس ظالم نظام سے نجات کے لئے استعمال کریں، الیکٹورل ریفارمز کے اعلان پر عمل بھی ہونا چاہیے، ماڈل ٹاؤن کے مظلوموں کو انصاف دلوا کر تبدیلی کے نعرے پر عمل کریں، کرپٹ، لٹیرے، قاتل نواز شریف اور شہباز شریف نے ڈاکٹر طاہرالقادری کے گھر پر حملہ کروایا، رہائشی کمروں کے اندر سنائپرز کے ذریعے فائرنگ کروائی اور ڈاکٹر طاہرالقادری کو پاکستان آنے سے روکنے کے لئے بطور وارننگ گھر میں موجود تمام افراد کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا اور اس منصوبے پر عملدرآمد بھی کیا، 17 جون 2014ء کے دن ماڈل ٹاؤن میں کارکنوں پر دن دہاڑے گولیاں چلوائی گئیں، 14 کو شہید کیا گیا، خواتین کے چہروں پر بھی گولیاں ماری گئیں، درجنوں افراد کو معذور کر دیا گیا اور آج کے دن تک سانحہ ماڈل ٹاؤن کا کوئی ملزم جیل میں نہیں ہے، یہ نظام مظلوموں کے ساتھ قانونی کھیل کھیل رہا ہے اور طاقتور قاتلوں کو بچا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جن پولیس افسروں نے موقع پر موجود رہ کر گولیاں چلوائیں ان سب کو میڈیا کے کیمرے کی آنکھ نے محفوظ کر رکھا ہے مگر کوئی ماسٹر مائنڈ اور کوئی قاتل جیل میں نہیں ہے بلکہ سانحہ ماڈل ٹاؤن برپا کرنے والے پولیس افسران پہلے سے زیادہ بہتر پوسٹنگ اور پوزیشن پر ہیں۔ یہی نہیں نواز شریف اور شہباز شریف کے حکم پر ڈاکٹر طاہرالقادری اور عوامی تحریک کے مرکزی قائدین اور کارکنوں پر جو جعلی اور جھوٹے مقدمات قائم کئے گئے تھے وہ ہم آج بھی بھگت رہے ہیں، عمران خان سے کارکن سوال کر رہے ہیں یہ جھوٹے اور جعلی مقدمات ختم کیوں نہیں ہوئے؟ اور تحریک انصاف کی حکومت میں عوامی تحریک کے ساتھ ناانصافی کیوں ہو رہی ہے؟
تبصرہ