وزیراعظم بے بس ہیں تو پھر عوام کہاں جائیں؟ خرم نواز گنڈاپور
ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا تھا یہ نظام مک مکا اور ہارس ٹریڈنگ کا بانی ہے
اڑھائی سال میں نظام بدلا نہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مظلوموں کو انصاف ملا
مظلوم کی دعا اور بددعا دونوں عرش تک جاتی ہیں، سیکرٹری جنرل پی اے ٹی
الیکشن کمیشن نے وہی آئینی کردار ادا کیا جو وہ 40 سال سے ادا کر رہا ہے
لاہور (5 مارچ 2021ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ یہ نظام مک مکا اور ہارس ٹریڈنگ کا محافظ ہے، جو دھاندلی کرواتے اور آنکھیں بند کرتے ہیں انہی سے انصاف مانگنا ایسے ہی ہے جیسے تلوار سے زخم بھرنے کی کوشش کی جائے، الیکشن کمیشن نے 2021ء میں بھی وہی آئینی کردار ادا کیا جو وہ عرصہ چالیس سال سے ادا کر رہا ہے، اس نظام میں اگر وزیراعظم بے بس ہیں تو پھر عوام کہاں جائیں؟ اڑھائی سال میں نظام بدلا نہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مظلوموں کو انصاف ملا، گھوڑوں کی مدد سے نظام بدلنے کی خواہش خود فریبی تھی جس کے بارے میں ڈاکٹر طاہرالقادری نے واضح الفاظ میں خبردار کر دیا تھا، آج بھی سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مظلوم انصاف کے لئے دربدر ہیں۔ مظلوموں کی دعا اور بددعا دونوں عرش تک جاتی ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی، نائب صدر راجہ زاہد محمود، سیکرٹری کوآرڈینیشن عارف چودھری، یوتھ کے صدر مظہر محمود علوی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا تھا جیتنے والے گھوڑے ہر دور کی حکومت کے دست و بازو بنتے ہیں، ان گھوڑوں کے تعاون سے نظام بدلنے کی خواہش دھوکہ ہے، انہوں نے کہا کہ جو لٹیرا جیل جاتا ہے چند ماہ بعد وکٹری کا نشان بنائے چمکیلی بلٹ پروف پر کھڑا ہو کر قوم سے فاتحانہ خطاب کرتا ہے، کھوٹے کھرے اور حلال حرام کی جو تھوڑی بہت تمیز بچی تھی وہ بھی ختم ہو گئی۔ اس مذاق کو کتنا برداشت کیا جائے، اڑھائی سال میں اصلاحات ہوئیں نہ ہارس ٹریڈنگ رکی، کرپشن کا پیسہ ریکور ہوا نہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مظلوموں کو انصاف ملا، ادارے خسارے سے باہر آئے نہ تعلیم اور صحت کا نظام بہتر ہوا، عوام اور بچوں کو جرائم پیشہ عناصر سے تحفظ ملا نہ پولیس کا قبلہ درست ہوا۔ مصنوعی مہنگائی کنٹرول ہوئی نہ ذخیرہ اندوزوں نے چلن بدلا، رشوت ستانی کا کلچر بدلا نہ کلرک، پٹواری مافیا سے جان چھوٹی۔ ملک اور عوام کے مسائل تو جوں کے توں ہیں حکومت کس ایجنڈے پر دن رات محنت کررہی ہے۔ انہوں نے کہ کہ عمران خان نے تبدیلی کا نعرہ لگایا مگر تبدیلی کی حقیقی عوامی طاقت کو اپنے سے دور رکھا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک بہت جلد لائحہ عمل دے گی، ہماری سیاست معاشی استحکام اور عوام کے مسائل حل کرنے کے لئے ہے۔
تبصرہ