ایف اے ٹی ایف کا رویہ جانبدارانہ ہے، نوراللہ صدیقی
دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیاں بے مثال ہیں، مرکزی سیکرٹری اطلاعات عوامی تحریک
لاہور ( 27فروری 2021) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی نے کہا ہے کہ پاکستان نے دہشتگردی کی ہر شکل کی نہ صرف مذمت کی بلکہ عالمی برادری سے مل کر اس کے خلاف بے مثال قربانیاں بھی دیں، اس کے باوجود ایف اے ٹی ایف کا رویہ جانبدارانہ اور ریاست پاکستان کی توہین پر مبنی ہے، ایف اے ٹی ایف والوں نے خود اعتراف کیا ہے کہ پاکستان نے ٹیرر فنانسنگ کی روک تھام کے لیے 27 میں سے 24 نکات پر 100 فیصد جبکہ بقیہ 3 پوائنٹس پر سنجیدہ پیش رفت کی ہے، مگر حیرت ہے اس سب کے باوجود پاکستان کو گرے لسٹ میں رکھا گیا ہے کسی بین الاقوامی ادارے کو کسی ریاست کی شہرت کو داغ دار کرنے یا بلیک میل کرنے کا کوئی حق نہیں ہے، لگتا ہے ایف اے ٹی ایف والے کسی لابسٹ فرم کے زیر اثر ہیں۔
مرکزی سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ پاکستان نے دو عشروں کے دوران دہشت گردی کی جنگ میں سب سے زیادہ جانی و مالی قربانیاں دیں اور خطہ کو دہشت گردی سے پاک کیا، اس کے باوجود پاکستان کو گرے لسٹ میں رکھنا بدنیتی پر مبنی عمل ہے، ایف اے ٹی ایف کے امتیازی رویے کے خلاف حکومت عالمی عدالت انصاف میں جائے، انھوں نے کہا کہ پاکستان کے عسکری ادارے اور عوام مل کر جرات مندانہ کردار ادا نہ کرتے تو دہشتگردی کبھی ختم نہ ہوتی۔
تبصرہ