سانحہ ماڈل ٹاؤن کا انصاف ہوا نہ نظام بدلا: عوامی تحریک پنجاب
نظام بدلنے کے مؤقف کو بدلنا حکمرانوں کی بڑی غلطی ہے، میاں ریحان مقبول
دشمن کے ”گھس کر مارنے“ کے متکبرانہ الفاظ آج کل مریم صفدر کی زبان پر ہیں
شریف خاندان نے خزانے کے اندر گھس کر خزانہ لوٹا، جنرل سیکرٹری پنجاب
لاہور (23 فروری 2021ء) پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے جنرل سیکرٹری میاں ریحان مقبول نے کہا ہے کہ جب تک لوٹ کھسوٹ کا یہ نظام رہے گا تماشا ختم نہیں ہو گا، اس قاتل نظام نے ہر موقع پر عوام کی جانیں لیں، حالیہ ضمنی الیکشن میں بھی خون بہا، نظام بدلنے کے مؤقف سے ہٹ کر موجودہ حکمرانوں نے بڑی غلطی کی ہے۔ ضمنی الیکشن ہوں یا عام انتخابات عوام کے ہاتھ میں کچھ نہیں آئے گا۔ یہ ایلیٹ کا نظام ہے اور ایلیٹ اپنی بقاء کی جنگ لڑرہی ہے۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کا انصاف ہوا اور نہ ہی نظام بدلا۔ نظام بدلنے کے مؤقف کو بدلنا حکمرانوں کی ایک بڑی غلطی ہے، اس کا اندازہ انہیں آئندہ انتخابات میں ہو گا۔ عوام نے تحریک انصاف کو اقتدار کے لئے نہیں جمہوری اقدار کی بحالی کے لئے ووٹ دیئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ دشمن کے ”گھس کر مارنے“ کے متکبرانہ الفاظ آج کل مریم صفدر کی زبان پر ہیں حالانکہ اس خاندان نے خزانے کے اندر گھس کر خزانہ لوٹا۔ ان الفاظ کا استعمال کر کے درحقیقت افواج پاکستان کو نشانہ بنایا جاتا ہے چونکہ مودی میڈیا نے یہ الفاظ افواج پاکستان کو ٹارگٹ کرنے کے لئے بار بار استعمال کئے اور انہیں منہ کی کھانا پڑی۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزراء کہتے ہیں ضمنی الیکشن میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ذمہ داروں نے خون خرابہ کیا تو پھر وہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ذمہ داروں کو سزا کیوں نہیں دلواتے؟ اور انہی قاتلوں نے عوامی تحریک کی قیادت اور کارکنوں پر درجنوں جھوٹے مقدمات قائم کئے جو پنجاب کے مختلف تھانوں میں آج بھی درج ہیں ان جھوٹے مقدمات کو ختم کیوں نہیں کیا جاتا؟ انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف نہ ہونے اور جھوٹے مقدمات ختم نہ ہونے کی وجہ سے کارکنان شدید غم و غصہ میں ہیں۔ عوامی تحریک کے کارکنوں کے لئے آج بھی وہی تکالیف ہیں جو ن لیگ کے قاتل دور حکومت میں تھیں۔
تبصرہ