روزانہ کی بنیاد پر سماعت کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں: خرم نواز گنڈاپور
سانحہ ماڈل ٹاؤن جے آئی ٹی کیس 23 ماہ سے التوا کا شکار ہے: سیکرٹری جنرل عوامی تحریک
لاہور (15 فروری 2021ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ کے لارجر بنچ کی طرف سے سانحہ ماڈل ٹاؤن کی تفتیش کیلئے قائم دوسری جے آئی ٹی کو کام سے روکے جانے کے کیس کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ دوسری جے آئی ٹی جو سپریم کورٹ کے لارجر بنچ کے روبرو قائم ہوئی تھی اس کے خلاف ملزمان نے سٹے آرڈر لے لیا تھا اور 23 ماہ سے سٹے آرڈر چل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی تفتیش کیلئے اس وقت کے وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے کلین چٹ حاصل کرنے کے لئے ایک ایسی جے آئی ٹی بنائی تھی جس نے انصاف کے مستحق مظلوموں کو ہی سانحہ ماڈل ٹاؤن کا ذمہ دار ٹھہرا کر انصاف کا قتل عام کیا۔ انہوں نے کہاکہ سپریم کورٹ کے روبرو بننے والی جے آئی ٹی نے اپنا 95 فی صد سے زائد کام مکمل کر لیا تھا اور حیرت انگیز طور پرملزمان سٹے آرڈر لے آئے۔ انہوں نے کہا کہ غیر جانبدار تفتیش سے کیوں خوف کھایا جا رہا ہے؟۔ انہوں نے کہاکہ ہماری اپیل ہے کہ قانونی موشگافیوں میں مزید وقت صرف کرنے کی بجائے 6 سال سے انصاف کے منتظر مظلوموں کو انصاف دیا جائے۔ غیر جانبدار تفتیش سے ہی انصاف کا عمل ٹریک پر آئے گا۔ انہوں نے کہاکہ 17 جون 2014 کے دن شریف برادران کے حکم پر14 بے گناہوں کو قتل کیا گیا اور آج کے دن تک انصاف نہیں ہونے دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ 15 مارچ سے کیس پر روزانہ کی بنیاد پر سماعت ہو گی اور کیس کو نمٹایا جائے گا۔
تبصرہ