دنیا کشمیری عوام کی امن پسندی کی قدر کرے، خرم نواز گنڈاپور
7 دہائیوں سے مسلہ کشمیر حل طلب، مودی حکومت جنگی جنون میں مبتلا ہے
کشمیری عوام کی لازوال قربانیاں رنگ لائیں گی، سیکرٹری جنرل عوامی تحریک
لاہور (5 فروری 2021) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر 7 دہائیوں سے حل طلب ہے اور مودی حکومت جنگی جنون میں مبتلا ہے، کشمیری عوام کی قربانیاں رنگ لائیں گی، کشمیری عوام کو نظر انداز کرنا اقوام عالم کی بہت بڑی غفلت اور کوتاہی ہے، کشمیری فقط وہ حق مانگ رہے ہیں جس کا ان سے یو این نے وعدہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ نریندر مودی نے مسئلہ کشمیر پر جو فیصلے کیے اس سے خطہ کے امن کیلئے ہونے والی کوششوں کو شدید دھچکا لگا، مودی اور اس کے لوگ آگ سے کھیل رہے ہیں، انھوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے مغربی و اسلامی دنیا کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کروائے اور استصواب رائے کےلئے بھارت پر دباؤ بڑھایا جائے۔ انھوں نے کہا کہ دنیا کشمیری عوام کی قدر کرے جنھوں نے ہر ظلم برداشت کیا مگر جدوجہد آزادی کشمیر کو دہشت گردی سے آلودہ نہیں ہونے دیا، پرامن کشمیری عوام کے صبر کا مزید امتحان نہ لیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ بھارت بندوق کے زور پر کشمیر فتح کر سکا اور نہ کر سکے گا۔
تبصرہ