مہنگائی بڑھتی رہی تو زیتون نہیں خون کا انقلاب آئے گا: عوامی تحریک
غریب کا وزن گر رہا ہے حیرت ہے وزیر اعظم کا وزن بڑھ رہا ہے
بازار کی قیمتیں سرکار کی مقرر کردہ قیمتوں سے 50 فیصد زیادہ ہیں
عالمی سطح پر پٹرول کی قیمتیں نہیں بڑھیں پاکستان میں کیوں بڑھیں؟
دو روٹیاں کھانے والا مزدور مہنگائی کی وجہ سے ایک روٹی پر آ گیا
جنرل سیکرٹری پنجاب میاں ریحان مقبول کا ضلعی عہدیداروں سے خطاب
لاہور(2 فروری 2021) پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے جنرل سیکرٹری میاں ریحان مقبول نے فیصل آباد، اوکاڑہ، قصور کے ضلعی عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعظم کہتے ہیں کہ زیتون کا انقلاب آئے گا مگر مہنگائی اسی شرح سے بڑھتی رہی تو پھر زیتون نہیں خون کا انقلاب آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کہتے ہیں کہ وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد ان کا وزن بڑھ گیا جبکہ 10کروڑ سے زائد کم آمدنی والے شہریوں کا وزن روپے کی قدر کی طرح ہر روز گر رہا ہے کیونکہ مہنگائی کی وجہ سے دو روٹیاں کھانے والا مزدورایک روٹی کھا نے پر مجبور ہے۔
میاں ریحان مقبول نے کہاکہ بازار کی قیمتیں سرکار کی مقرر کردہ قیمتوں سے 50 فی صد زیادہ ہیں۔ مہنگائی روزانہ کی بنیاد پر بڑھ رہی ہے روزگار کے مواقع کم ہو رہے ہیں جس کا سب سے زیادہ منفی اثر غریب کے ناؤ نوش پر پڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں پٹرول کی قیمتیں اس وقت بڑھتی تھیں جب عالمی سطح پر قیمتوں میں اضافہ ہوتا تھا اب عالمی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں استحکام ہے مگر پاکستان میں بڑھ رہی ہیں جس کی وجہ سے ہر طرف مہنگائی کی آگ دھواں چھوڑ رہی ہے۔
میاں ریحان مقبول نے کہاکہ مہنگائی کی ایک وجہ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی گرتی ہوئی قدر ہے مگر دوسری سب سے بڑی وجہ حکومتی اداروں کانہ ہونے کے برابر کنٹرول ہے۔ ہر روز چکن، پھل، سبزی اور دودھ دہی مافیا مرضی کی قیمت مقرر کرتا ہے۔ دنیا کے کسی اور ملک میں اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں تبدیلیاں اس طرح نہیں ہوتیں جس طرح آج کل پاکستان میں ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم سارے کام چھوڑ کر مہنگائی کنٹرول کریں، غریب کی دعاؤں کے بغیر حکومت اپنے کسی مقصد میں کامیاب نہیں ہو گی۔
تبصرہ