وزیراعظم عمران خان صاحب پولیس اصلاحات کا وعدہ کہاں ہے؟ خرم نواز گنڈاپور
پولیس آج بھی شہباز شریف کی ”بندے مار پُلس“ ہے
عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل کا فیصل آباد میں بےگناہ شہری کے قتل پر ردعمل
ماڈل ٹاؤن میں پولیس نے 14 شہری قتل کئے کسی ایک کو سزا نہیں ملی
پولیس تحفظ کے نام پر خون پسینے کے ٹیکسوں کاسالانہ ایک کھرب لیتی ہے
لاہور (21 جنوری 2021ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے فیصل آباد میں بےگناہ شہری محمد وقاص کے پولیس کے ہاتھوں قتل پر شدید ردعمل اور گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ اسلام آباد کے اسامہ ستی کے بعد پولیس نے ایک اور بے گناہ شہری کو قتل کر دیا۔ پولیس آج بھی شہباز شریف کی ”بندے مار پُلس“ ہے۔حکومت کسی کی بھی ہو مگر پولیس کی سفاکیت کم نہیں ہوتی۔ عدالت آئی جی پنجاب کو بےگناہوں کے قتل عام کے واقعات میں اضافہ پرطلب کرے۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ پنجاب پولیس نے راہ جاتے بےگناہ شہریوں کو قتل کرنا معمول بنا لیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں پولیس نے 14 بےگناہ شہری قتل کئے اور آج کے دن تک کسی ایک کو سزا نہیں ملی۔ پولیس والے اس لئے بے دھڑک جانیں لیتے ہیں انہیں پتہ ہے کہ کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔ انہوں نے وزیراعظم عمران خان سے سوال کیا کہ عمران خان صاحب پولیس اصلاحات کا وعدہ کہاں ہے؟ کب تک شریف شہری پولیس گردی کا نشانہ بنتے رہیں گے؟ کرپٹ، سفاک اور جدید تربیت سے محروم پولیس والوں کی وجہ سے شرفاء غیر محفوظ ہیں جبکہ سٹریٹ کرائم کی شرح پہلے سے بہت زیادہ بڑھ چکی ہے۔ ہر سال پنجاب کے عوام کے خون پسینے کے ٹیکسوں کا ایک کھرب روپیہ عوام کے تحفظ اور جرائم پیشہ عناصر کی بیخ کنی کیلئے پولیس کو دیا جاتا ہے مگر بدلے میں عوام کو سٹریٹ کرائم، عدم تحفظ اور رشوت ستانی کا سامنا ہے۔ اسمبلیوں میں پولیس کے غیر ذمہ دارانہ کردار کی بجائے کرپٹ عناصر کے تحفظ پر بحثیں اور جھگڑے ہوتے ہیں۔ پولیس اصلاحات نہ ہوئیں تو عوام غیر محفوظ اوربے گناہ شہری قتل ہوتے رہیں گے۔
تبصرہ