محمد اصغر خان نیازی کی ساتھیوں سمیت پاکستان عوامی تحریک میں شمولیت
خرم نواز گنڈاپور، نوراللہ صدیقی، عارف چودھری، منصور خان نیازی و دیگر رہنماؤں کی مبارکباد
پاکستان عوامی تحریک کی جدوجہد عوام کے حقوق اور ملکی خوشحالی کیلئے ہے: محمد اصغر خان نیازی
لاہور (15 جنوری 2021) معروف سیاسی شخصیت محمداصغر خان نیازی نے ساتھیوں سمیت پاکستان عوامی تحریک میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔ پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی، عارف چودھری، منصور خان نیازی، پروفیسر ملک اعجاز، قاضی شفیق و دیگر رہنماؤں نے محمد اصغر خان نیازی کو پاکستان عوامی تحریک میں شمولیت پر مبارکباد دی۔
محمد اصغر خان نیازی نے پاکستان عوامی تحریک میانوالی کے ضلعی صدر منصور خان نیازی اور ملک اعجاز حسین سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی خوشحالی اور سلامتی شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے ویژن پر چلنے میں ہے، ہم ان شاء اللہ پاکستان عوامی تحریک کا پیغام میانوالی کے ہر گھر تک پہنچائیں گے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کے نظام کی تبدیلی کے حقیقی ایجنڈے سے متفق ہو کر عوامی تحریک میں شامل ہوئے ہیں۔ سیاسی جماعتوں نے لوٹ مار سے ملک کو کھوکھلا کر دیا ہے، اب اشد ضرورت ہے کہ تمام محب وطن پاکستانی پاکستان عوامی تحریک کے تبدیلی نظام کے ایجنڈے پر متفق ہو کر پاکستان عوامی تحریک کا ساتھ دیں۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی جدوجہد عوام کے حقوق اور ملک کی خوشحالی کے لئے ہے۔
پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے امید ظاہر کی کہ محمد اصغر خان نیازی کی پاکستان عوامی تحریک میں شمولیت سے پاکستان عوامی تحریک میانوالی میں مزید مضبوط ہو گی، انہوں نے کہا کہ وہ ایک متحرک اور خدمت خلق سے سرشار سیاسی رہنما کی طرح پاکستان عوامی تحریک میں بھی اپنا فعال کردار ادا کریں گے۔
تبصرہ