خرم نواز گنڈاپور کی صاحبزادہ حامد رضا پر فائرنگ کی مذمت
امن پسند اور محب وطن رہنماؤں پر حملے تشویشناک ہیں
صاحبزادہ حامد رضا کے لئے فول پروف سکیورٹی کا بندوبست کیا جائے
سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی کا سنی اتحاد کونسل کے سربراہ کو ٹیلیفون، خیریت دریافت کی
لاہور (14 جنوری 2021) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا پر فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ فائرنگ کے واقعہ کی تحقیقات کروائی جائیں اور ملزمان کوفوری گرفتار کر کے بے نقاب کیا جائے، صاحبزادہ حامد رضا کے گھر پر فائرنگ سے عوام میں تشویش پائی جارہی ہے۔
خرم نواز گنڈاپور نے سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا کو ٹیلیفون کر کے ان کی خیرت دریافت کی اور ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے مزید کہا کہ دہشتگردی کے خلاف ہمیشہ جرأت مند آواز اٹھانے پر شرپسند عناصر صاحبزادہ حامد رضا کو نشانہ بنا رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ امن پسند اور محب وطن رہنماؤں پر حملے تشویشناک ہیں۔
خرم نواز گنڈاپور نے مطالبہ کیا کہ صاحبزادہ حامد رضا کے لئے فول پروف سکیورٹی کا بندوبست کیا جائے، صاحبزادہ حامد رضا کو ملنے والی دھمکیوں سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو آگاہ کرنے کے باوجود سکیورٹی فراہم نہ کرنا یقیناً مجرمانہ غفلت اور افسوسناک عمل ہے۔
سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک نے کہا کہ صوفیا کے ماننے والوں نے ہمیشہ امن کا پرچار کیا ہے، انہوں نے صاحبزادہ حامد رضا کی صحت و سلامتی کیلئے دعا کرتے ھوئے کہا کہ اللہ تعالی انہیں حفظ و امان میں رکھے۔
تبصرہ