احسن اقبال غیرت اور جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ذمہ داروں کا نام بتائیں: خرم نواز گنڈاپور
سانحہ ماڈل ٹاؤن کے پیچھے کوئی اور تھا تو 4 سال اپنے دور اقتدار میں منہ کو زپ کیوں لگا رکھی تھی؟
سانحہ کی غیرجانبدار تفتیش کے مطالبے کی سب سے زیادہ مخالفت نواز شریف اور شہباز شریف نے کی
نواز شریف اور شہباز شریف دونوں سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کے نامزد ملزم ہیں
احسن اقبال بتائیں آئی جی پنجاب کو ہنگامی بنیادوں پر بلوچستان سے پنجاب کیوں لایا گیا؟
سانحہ ماڈل ٹاؤن کی غیرجانبدار تفتیش ضروری ہو گئی ہے، سیکرٹری جنرل پی اے ٹی کا احسن اقبال کے بیان پر ردعمل
لاہور (9 جنوری 2021) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے ن لیگ کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ احسن اقبال غیرت اور جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ذمہ داروں کا نام بتائیں۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے پیچھے کوئی اور تھا تو 4 سال اپنے دور اقتدار میں اپنے منہ کو زپ کیوں لگا رکھی تھی؟ ہم 4 سال مسلسل سانحہ ماڈل ٹاؤن کی غیرجانبدار تفتیش کا مطالبہ کرتے رہے اور اس کیلئے قانونی چارہ جوئی بھی کی۔ ہمارے غیرجانبدار تفتیش کے مطالبے کی سب سے زیادہ مخالفت نواز شریف اور شہباز شریف نے کی۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ جسٹس باقر نجفی کمیشن رپورٹ میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کا ذمہ دار شہباز حکومت کو ٹھہرایا گیا۔ نواز شریف اور شہبا ز شریف دونوں سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کے نامزد ملزم ہیں۔ شہباز شریف نے بطور وزیراعلیٰ پنجاب سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس پر اثر انداز ہوتے ہوئے مقدمہ تک درج نہ ہونے دیا۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی ایف آئی آر بھی عدالت کے حکم پر درج ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ آئی جی مشتاق سکھیرا کو راتوں رات بلوچستان سے پنجاب لایا گیا۔ احسن اقبال بتائیں آئی جی پنجاب کو ہنگامی بنیادوں پر بلوچستان سے پنجاب کیوں لایا گیا اور ڈی سی او لاہور کو کیوں تبدیل کیا گیا؟ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ ضروری ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی غیرجانبدار تفتیش کروائی جائے اور ملوث عناصر کو عبرتناک سزا دی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انسداد دہشتگردی عدالت نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں سابق آئی جی مشتاق سکھیرا سمیت درجنوں پولیس افسران کو بطور ملزم طلب کر رکھا ہے۔ احسن اقبال سچ بولیں اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قتل عام کا حکم دینے والوں کے نام بتا کر اپنے ضمیر کا بوجھ ہلکا کریں۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ماسٹر مائنڈ نواز شریف اور شہباز شریف ہیں جبکہ ان کے احکامات پر عملدرآمد کروانے کی ذمہ داری رانا ثناء اللہ نے پوری کی۔ انہوں نے کہا کہ احسن اقبال سمیت تمام ن لیگیوں کو جلد قانون اور عوام کی عدالت میں یہ اعتراف کرنا پڑے گا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کا منصوبہ جاتی امراء میں بنا۔ احسن اقبال اس طرح کے بیان دے کر عوام کو گمراہ نہیں کر سکتے۔ ملک کا بچہ بچہ شریف برادران اور ان کے حواریوں کے بھیانک مجرمانہ کردار کو اچھی طرح جانتا ہے۔
تبصرہ