وزیراعظم متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کیوں نہیں کر رہے؟ خرم نواز گنڈاپور
بلوچستان حکومت محنت کشوں کو تحفظ نہیں دے سکتی تو اقتدار چھوڑ دے: سیکرٹری جنرل پی اے ٹی
لاہور (5 جنوری 2020) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ بلوچستان میں مزدوروں کے سفاکانہ قتل عام پر پُرامن احتجاج کرنے والی ہزارہ برادری کے مطالبہ سے پہلے ہی وزیراعظم کو اظہار ہمدردی کے لیے متاثرین سے ملنا چاہیے تھا وزیراعظم متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کیوں نہیں کررہے؟ یہ درست ہے بلوچستان میں ہزارہ برادری کو ٹارگٹ کیا جاتا ہے، یہ پرامن اور محب وطن پاکستانی شہری ہیں انہیں تحفظ دیا جائے، کوئٹہ مچھ میں ہونے والے سفاکانہ قتل عام کے پیچھے بین الاقوامی ہاتھ ہوں یا مقامی دہشت گرد انہیں کیفر کردار تک پہنچانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پُرامن مظاہرین کے تمام مطالبات جائز ہیں ہر بار انہیں تحفظ اور انصاف کا یقین دلایا جاتا ہے مگر ہر بار کوئی وعدہ پورا نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ ہر دور حکومت میں بلوچستان میں مزدور قتل ہوئے اور تحفظ کے بلند و بانگ دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے۔ انہوں نے کہا کہ اگر بلوچستان کی حکومت مزدوروں کو تحفظ نہیں دے سکتی تو اقتدار چھوڑ دے اور بلوچستان میں کیا ہو رہا ہے؟ اس حوالے سے قوم کو سچ بتایا جائے۔ کون سفاک درندے ہیں جو بے گناہ شہریوں کو اغوا کرتے اور ان کے گلے کاٹتے ہیں؟ اور یہ دہشت گرد کہاں سے آتے ہیں اور کہاں غائب ہوجاتے ہیں؟ ان دہشت گردوں کو صفحہ ہستی سے مٹانے میں قانون نافذ کرنے والے ادارے بے بس کیوں ہیں؟
تبصرہ