سانحہ ماڈل ٹاؤن استغاثہ کیس پر سماعت 8 جنوری کو ہو گی
اے ٹی سی جج کے چھٹی پر ہونے کے باعث 2 جنوری کو کوئی سماعت نہ ہو سکی، نعیم
الدین چودھری ایڈووکیٹ
ماڈل ٹاؤن کیس میں ساڑھے 5 سال سے بلاناغہ تاریخوں پر عدالت آرہے ہیں: جواد حامد
لاہور (4 جنوری 2121) سانحہ ماڈل ٹاؤن استغاثہ کیس پر سماعت 8 جنوری بروز جمعتہ المبارک ہو گی، نعیم الدین چودھری ایڈووکیٹ نے بتایا کہ 2 جنوری کو اے ٹی سی جج چھٹی پر تھے جس کی وجہ سے کوئی سماعت نہیں ہو سکی، انہوں نے کہا کہ ملزمان تاخیری ہتھکنڈے اختیار کررہے ہیں، اپنی ہی دی ہوئی درخواستوں پر جرح کرنے کی بجائے تاریخیں لینے کو ترجیح دیتے ہیں۔ چونکہ ملزمان پولیس افسران ہیں کیسز لٹکانے کے گر جانتے ہیں، سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں کوئی ملزم گرفتار نہیں ہے اور نہ ہی 6سال گزر جانے کے بعد کسی کو سزا ملی ہے۔
مستغیث جواد حامد نے کہا کہ ساڑھے 5 سال سے انصاف کے لئے باقاعدگی کے ساتھ عدالتوں میں حاضر ہو رہے ہیں، 14بے گناہ افراد کو قتل کرنے والے ملزمان پرکشش عہدوں پر براجمان ہیں، دوران تفتیش اور ٹرائل سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قتل عام میں حصہ لینے والے تمام پولیس افسران اور اہلکاروں کو ترقیاں مل چکی ہیں، یہ ملزمان اب تاریخوں پر بھی نہیں آتے، انہوں نے کہا کہ ملزمان کا غیر سنجیدہ رویہ معزز اے ٹی سی جج کے علم میں لارہے ہیں۔
تبصرہ