عوامی تحریک کا لاہور میں گندگی اور لاء اینڈ آرڈر کی بگڑتی صورتحال پر تشویش کا اظہار
لاہور کی صفائی اور لاء اینڈ آرڈر پر عوام کے خون پسینے کے ٹیکس کے اربوں روپے خرچ ہوتے ہیں: بشارت جسپال
باغوں، پارکوں اور پھولوں کا شہر کوڑا کرکٹ کے ڈھیروں میں تبدیل ہو رہا ہے: صوبائی صدر پی اے ٹی
حکومت لاہور شہر میں لاء اینڈ آرڈر اور صفائی کا مسئلہ ترجیحی بنیادوں پر حل کرے، عوامی تحریک پنجاب کے اجلاس سے خطاب
لاہور میں صفائی کا مسئلہ جلد حل نہ ہوا تو وبائی امراض پھوٹ سکتے ہیں، میاں ریحان مقبول، چوہدری افضل گجر
لاہور (یکم جنوری 2021ء) پاکستان عوامی تحریک کے رہنماؤں نے لاہور شہر میں پھیلی ہوئی گندگی،کوڑا کرکٹ کے ڈھیروں اور لاء اینڈ آرڈر کی بگڑتی صورتحال پر شدید تشویش اور تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور شہر داتا کی نگری اور شاعر مشرق، حکیم الامت علامہ محمد اقبالؒ کی آخری آرامگاہ ہے۔ لاہور پاکستان کا بین الاقوامی شہرت یافتہ شہر ہے۔ باغوں کے شہر میں صفائی اور لاء اینڈ آرڈر کے حوالے سے مسائل مجرمانہ غفلت ہیں۔ شہر لاہور کے مختلف علاقوں میں گندگی کے ڈھیر، قتل، چوری اور سٹریٹ کرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتیں انتظامیہ کی کارکر دگی پر سوالیہ نشان ہیں۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کے صدر بشارت جسپال، جنرل سیکرٹری میاں ریحان مقبول اور عوامی تحریک لاہور کے سرپرست چوہدری افضل گجر و دیگر رہنماؤں نے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں پاکستان عوامی تحریک کے صوبائی و ضلعی رہنماؤں نے شرکت کی۔
بشارت جسپال نے کہا کہ لاہور کی صفائی اور لاء اینڈ آرڈر پر عوام کے خون پسینے کے ٹیکس کے اربوں روپے خرچ ہوتے ہیں۔ ان پیسوں کا بامقصد استعمال حکمرانوں کی ذمہ داری ہے۔ عوام کے روز مرہ کے مسائل جو گڈ گورننس کی بہتری سے ہی حل ہو سکتے ہیں آج بھی حل طلب ہیں۔ آئے دن ان مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے۔ صفائی، لاقانونیت، مہنگائی کی ابتر صورتحال ایسے مسائل ہیں جن سے عوام پریشان ہیں۔ لوگ، سکون، تحفظ اور اطمینان چاہتے ہیں۔
میاں ریحان مقبول نے کہا کہ باغوں، پارکوں اور پھولوں کا شہر کوڑا کرکٹ کے ڈھیروں میں تبدیل ہو رہا ہے۔ صفائی کمپنیوں کے تنازے کا خمیازہ عوام گندگی کے ڈھیروں کی صورت میں بھگت رہے ہیں۔ گندگی کے ان ڈھیروں سے موذی امراض پھیلنے کا خدشہ ہے۔ حکومت لاہور شہر میں لاء اینڈ آرڈر اور صفائی کا مسئلہ ترجیحی بنیادوں پر حل کرے۔ لاہور شہر میں صفائی کا مسئلہ جلد حل کرنا ہو گا ورنہ وبائی امراض بھی پھوٹ سکتے ہیں۔ صفائی کے ذمہ دار اداروں کو متحرک کرنا ہو گا تا کہ عوام کو گندگی کے ان ڈھیروں سے نجات ملے۔ لاہور کو لاء اینڈ آرڈر اور گندگی کے حوالے سے کراچی بننے سے بچانا ہو گا۔
تبصرہ