قائداعظم کے پاکستان کو کرپشن نے تباہ کیا، عوامی تحریک کے زیراہتمام سیمینار
کرپشن کی سزا موت کا قانون بنایا جائے، قومی دولت لوٹنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں
سیمینار سے خرم نواز گنڈاپور، نوراللہ صدیقی، بشارت جسپال، میاں ریحان مقبول، راجہ زاہد، عارف چودھری کا خطاب
لاہور (24 دسمبر 2020ء) پاکستان عوامی تحریک کے زیراہتمام بانی پاکستان کے 145ویں یوم ولادت کے موقع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ قائداعظم کے پاکستان کو کرپشن نے تباہ کیا، کرپشن نظریہ پاکستان اور مقاصد پاکستان کی راہ کی بڑی رکاوٹ بنی ہوئی ہے، کرپشن کی سزا موت کا قانون بنایا جائے، قومی دولت لوٹنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں، سیمینار سے پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی، صدر پنجاب بشارت جسپال، جنرل سیکرٹری پنجاب میاں ریحان مقبول، مرکزی نائب صدر راجہ زاہد محمود، عارف چودھری نے خطاب کیا۔
خرم نواز گنڈاپور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم نے غریب کے لئے پاکستان کو محفوظ پناہ گاہ کے طور پر حاصل کیا تھا مگر چند درجن خاندانوں نے ملکی دولت لوٹ کر غریب کو بھکاری بنا دیا اور پاکستان کا بال بال قرضوں میں جکڑ دیا، انہوں نے کہا کہ پاکستان کا اقتدار حاصل کرنے والے سیاستدان اگر ایک نمبر ہوتے تو کبھی لندن، نیویارک اور دنیا کے مختلف ملکوں میں اپنی بزنس امپائرز کھڑی نہ کرتے اور نہ ہی ان کے خلاف منی لانڈرنگ، کمیشن، کک بیکس اور ناجائز اثاثوں کے ریفرنسز چل رہے ہوتے، ن لیگ سمیت اقتدار میں رہنی والی تمام جماعتوں نے پاکستان کی دولت کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا اور عوام اور ملک کو کنگال کر دیا، انہوں نے کہا کہ چوروں، ڈاکوؤں کو ریلیف دینے والے بھی قومی مجرم ہوں گے، انہوں نے کہا کہ یہ بدقسمتی ہے کہ جن وزرائے اعظم نے پاکستان کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا اب ان کی اولادیں امانت، دیانت اور صداقت کے بھاشن دیتی نظر آتی ہیں۔
سیمینار کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، خوشحالی کے لئے دعا کی گئی اور بانی پاکستان کی ولادت کا کیک کاٹا گیا، سیمینار میں کرسمس کے حوالے سے مسیحی عوام کو کرسمس کی مبارکباد دی گئی۔
تبصرہ