شہباز شریف کو علاج کیلئے بیرون ملک بھیجنے کا سکرپٹ لکھا جا چکا: خرم نواز گنڈاپور
مجرموں کو میڈیکل گراؤنڈ پر ملنے والا قانونی ریلیف این آر او کی جدید شکل ہے
بہت جلد حکمران اپوزیشن لیڈر کیلئے ایئر ایمبولینس کا بندوبست کرتے نظر آئیں گے
پاکستان کی خوشحالی اور آبادی کیلئے موجودہ نظام کی بربادی ضروری ہے
کرپشن ریفرنسز کا مقدر سرکار کی فائلوں میں دفن ہو جانا ہے: سیکرٹری جنرل عوامی تحریک
لاہور (23 دسمبر 2020) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ پیشگی خبردار کر رہے ہیں کہ نواز شریف کی طرح شہباز شریف کو بھی علاج کیلئے بیرون ملک بھجوانے کی تیاریاں شروع ہو گئی ہیں۔ نواز شریف کی طرح شہباز شریف کو بھی باتدبیر معالجین کے ذریعے قریب المرگ ظاہر کر کے انسانی ہمدردی کا طوفان برپا کیا جائے گا اور پھر کمزور اعصاب کے حکمران اپوزیشن لیڈر کے فوری علاج کیلئے ایئر ایمبولینس کا بندوبست کرتے نظر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اربوں کھربوں روپے کی کرپشن کے درجنوں ریفرنسز کا مقدر سرکار کی فائلوں میں دفن ہو جانا ہے۔
عوامی تحریک کے مرکزی رہنماؤں عارف چوہدری، راجہ زاہد محمود، نعیم الدین چوہدری ایڈووکیٹ اور فلاح پاکستان پارٹی کے قائدین سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں کہا کہ جب تک یہ نظام اور نظام انصاف برقرار ہے کسی کرپٹ کا بال بھی بیکا نہیں ہو سکتا۔ نواز شریف کی کرپشن، قطری خطوط، کیلیبری فونٹ جعلی گوشواروں کی تفتیش کے نام پر کئی سال تک کھیل کھیلا گیا اور آج وہی مجرم لندن کے اسی محل میں رہائش پذیر ہے جس کے ناجائز ہونے پر فیصلے صادر ہوئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ماسٹر مائنڈ شہباز شریف کو بیرون ملک بھجوانے کا سکرپٹ لکھاجا چکا ہے، بہت جلد ہم دیکھیں گے شہباز شریف بلٹ پروف گاڑی کی بجائے ویل چیئر پر عدالت میں آئیں گے اور پھر کمر درد، معدہ اور کینسر کے موذی مرض کے فوری علاج کیلئے درخواستیں دائر ہوں گی اور پرائم ٹائم کے سارے ٹاک شوز کمر درد پر ہوتے ہوئے نظر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملزمان کو میڈیکل گراؤنڈ پر ملنے والا قانونی ریلیف این آر او کی جدید شکل ہے۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے 23 دسمبر 2012 کے دن اس منحوس نظام کا اصل چہرہ قوم کو دکھا دیا تھا، یہ نظام سیاسی، معاشی جرائم کی سب سے بڑی نرسری ہے، پاکستان کی آبادی کیلئے موجودہ نظام کی بربادی ضروری ہے۔
تبصرہ