ن لیگ لاشوں کی سیاست کرتی ہے: خرم نواز گنڈاپور
مفرور ٹولے کو نکیل نہ ڈالی گئی تو خونی تصادم جنم لے سکتا ہے
رانا ثناء اللہ قتل و غارت گری کے منصوبے بناتا ہے
اشرافیہ عوام اور ریاست اداروں کو گتھم گتھا کرنا چاہتی ہے
لاہور (11 دسمبر 2020ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ ن لیگ لاشوں کی سیاست کرتی ہے، مفرور ٹولے کو نکیل نہ ڈالی گئی تو خونی تصادم جنم لے سکتا ہے، رانا ثناء اللہ شریف برادران کی سیاست چمکانے کیلئے قتل و غارت گری کے منصوبے بناتا ہے اور ن لیگ کے اندر قائم عسکری ونگ کا کمانڈر ہے، یہ ونگ بھتہ مافیا اور اجرتی قاتلوں کے ذریعے آپریٹ کرتا ہے، ن لیگ کے اپنے رہنما متعدد مواقع پر اس بارے میں معلومات فراہم کر چکے ہیں، رانا ثناء اللہ نے شریف برادران کے حکم پر سانحہ ماڈل ٹاؤن کے منصوبے پر عملدرآمد کروایا، عوام اور ریاستی اداروں کو گتھم گتھا کرنے کیلئے لاہور میں بھی کوئی بڑا سانحہ برپا کیا جا سکتا ہے، حکومت ن لیگ کی احتجاجی تحریک کو سیاسی تحریک نہ سمجھے، یہ کسی بھی وقت تشدد کا راستہ اختیار کر سکتی ہے، ن لیگ کے تنخواہ دار جو پولیس میں آج بھی موجود ہیں کسی خونی تصادم کا سبب بن سکتے ہیں۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ن لیگ اور حواریوں کی کوئی سیاسی اخلاقیات نہیں ہے، 2014ء میں جب سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قتل عام کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج کا حق مانگنے کیلئے اسلام آباد میں دھرنا دیا تھا تو اس وقت یہی چہرے پارلیمنٹ کی بالادستی کا راگ الاپتے تھے اور دھرنوں کو معیشت اور ریاست کے خلاف سازش قرار دیتے تھے، آج وہی چہرے اور مہرے اسی پارلیمنٹ کو گرانے، معیشت اور ریاست کو تباہ کرنے کیلئے ایڑھی چوٹی کا زور لگا رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک نے ن لیگ کی حکومت کے ظلم و بربریت کے خلاف احتجاج کیا تھا تو نہتے کارکنوں کو گولیوں سے چھلنی کیا گیا تھا اور باپردہ خواتین کے پردے نوچے گئے اور ان کو قتل کیا گیا، ن لیگ کی سیاست مار دھاڑ اور قتل و غارت گری پر مبنی ہے۔
تبصرہ