ن لیگ کے اراکین اسمبلی مستعفی نہیں ہونگے: خرم نواز گنڈاپور
مچھلی پانی کے بغیر، لیگی نمائندے پروٹوکول کے بغیر زندہ نہیں رہ
سکتے
فضل الرحمٰن، نواز شریف، مریم کی خواہش ہے باقی بھی سڑکوں کی خاک چھانیں
پیپلز پارٹی میچور سیاست کرتی ہے، نواز شریف کی مکمل غرقابی تک ساتھ رہے گی
سانحہ ماڈل ٹاؤن اصل پھندہ ہے، سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک
کورونا کی صورتحال بہتر ہونے پر مینار پاکستان سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرینگے
لاہور (7دسمبر 2020ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ قاتل برادران کا اصل پھندہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس ہے، غیر جانبدار تفتیش سے کھرا اشرافیہ کے گھروں تک جائے گا۔ انصاف کے لئے ہم بھی آخری حد تک جائیں گے۔ ن لیگ کے اراکین اسمبلی مستعفی نہیں ہوں گے جس طرح مچھلی پانی کے بغیر زندہ نہیں رہ سکتی اسی طرح لیگی نمائندے پروٹوکول کے بغیر زندہ نہیں رہ سکتے۔ فضل الرحمٰن، نواز شریف اور مریم کی خواہش ہے جس طرح ہم سڑکوں کی خاک چھان رہے ہیں، اسی طرح کی خاک باقی سب چھانیں۔ انہوں نے کہا کہ جنہیں کرپشن کیسز میں سزائیں ہوئیں انہیں ملک سے باہر بھجوانا اور اب تک ریکوری کا نہ ہونا حکومتی محاذ پر ایک بڑی ناکامی ہے۔ پیپلز پارٹی میچور سیاست کرتی ہے، لگتا ہے وہ نواز شریف کی مکمل غرقابی تک ساتھ رہے گی۔ عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں عہدیداروں اور وفود سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب تک یہ نظام رہے گا اسمبلیاں اکھاڑہ بنی رہیں گی اور لٹیرے دندناتے رہیں گے۔ وہ عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی، مرکزی نائب صدر راجہ زاہد محمود، سیکرٹری کوآرڈینیشن عارف چودھری و دیگر سے گفتگو کررہے تھے۔
خرم نواز گنڈاپور نے خیبرٹیچنگ ہسپتال میں آکسیجن گیس کی بندش کے نتیجے میں ہونے والی اموات پر دلی افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ حادثہ نہیں ہے بلکہ سرکاری تحویل میں مریضوں کو قتل کیا گیا، لوگ زندگی اور شفا یابی کے لئے ہسپتالوں میں جاتے ہیں مگر یہاں موت دی گئی۔ کلرکوں اور پیرامیڈیکل سٹاف کو سزائیں دے کر فائل بند نہیں ہونی چاہیے، جو اصل ذمہ دار ہیں سزا انہیں ملنی چاہیے۔ ناگہانی اموات پر لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔
سیکرٹری کوآرڈینیشن عارف چودھری نے عوامی تحریک کی رابطہ کارکن مہم اور ورکرز کنونشن کے حوالے سے سیکرٹری جنرل کو رپورٹ پیش کی اور کہا کہ ظالم نظام سے نجات کی خواہش رکھنے والے پڑھے لکھے ووٹر رابطہ کارکن مہم کے نتیجے میں عوامی تحریک میں شمولیت اختیار کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جیسے ہی کورونا کی وباء ختم ہوتی ہے تو عوامی تحریک مینار پاکستان پر سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرے گی اور ہم بتائیں گے کہ لوگ اس ظالم اور قاتل نظام سے تنگ آئے ہوئے ہیں۔
تبصرہ