سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لیاقت بلوچ کی خرم نواز گنڈاپور سے ملاقات
قومی سالمیت کیلئے اتحاد و اخوت کا راستہ اختیار کرنا ہوگا: لیاقت بلوچ
فرقہ واریت سے انسانوں کے درمیان دوری اور نفرت پیدا ہوتی ہے: خرم نواز گنڈاپور
انتہا پسندی، فرقہ واریت اتحاد امت کیلئے سب سے بڑا خطرہ ہے۔ رہنماؤں کی گفتگو
ملاقات میں ملی یکجہتی کونسل کے آئندہ ہونے والے اجلاس اور ایجنڈے پر تفصیلی گفتگو ہوئی
لاہور (27 نومبر 2020) سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک خرم نواز گنڈا پور سے مرکزی سیکرٹریٹ میں ملاقات کی۔ علامہ سید ثاقب اکبر ڈپٹی سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل بھی اس موقع پر موجود تھے۔ لیاقت بلوچ نے منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں مختلف شعبہ جات کا وزٹ کیا۔ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی جامع مسجد شیخ الاسلام اور فرید ملت ریسرچ انسٹی ٹیوٹ میں بھی گئے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر فرید ملت ریسرچ انسٹی ٹیوٹ محمد فاروق رانا، جواد حامد، سعید شاہ اور اورنگزیب خان بھی موجود تھے۔
خرم نواز گنڈاپور اور لیاقت بلوچ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ انتہا پسندی، فرقہ واریت اتحاد امت کیلئے سب سے بڑا خطرہ ہے۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ امت مسلمہ کے درمیان اتحاد اور اتفاق وقت کی ضرورت ہے، ہمیں اتحاد اور وحدت کا پیغام دینا ہے۔ فرقہ واریت اور انتہا پسندی سے انسانوں کے درمیان دوری اور نفرت پیدا ہوتی ہے۔ دین اسلام امن، خیرخواہی اور بھائی چارے کا پیغام دیتا ہے۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ آج اتحاد اور وحدت کی فضا کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اتحاد امت اور رواداری کے فروغ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ قومی سالمیت کیلئے اتحاد و اخوت کا راستہ اختیار کرنا ہوگا۔ لیاقت بلوچ نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی علمی، تحقیقی، مذہبی اور تجدیدی خدمات کو سراہا۔ دونوں رہنماؤں میں ملی یکجہتی کونسل کے آئندہ ہونے والے اجلاس اور ایجنڈے پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔ لیاقت بلوچ نے منہاج القرآن سیکرٹریٹ میں قائم شہدائے ماڈل ٹاؤن کی یادگار پر فاتحہ خوانی کی اور ان کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔ خرم نواز گنڈاپور نے لیاقت بلوچ کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی تصانیف کا تحفہ بھی دیا۔
تبصرہ