کشمور میں بچی کے ساتھ زیادتی کے ملزموں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ عوامی تحریک
قوم کب تک کم سن معصوم بچیوں کے ساتھ بداخلاقی کے شرمناک مناظر دیکھتی رہے گی؟ نوراللہ صدیقی
لاہور (12 نومبر 2020ء) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی نے کشمور میں ماں اور بچی کے ساتھ پیش آنے والے زیادتی کے واقعہ پر اپنے شدید ردعمل میں کہا ہے کہ یہ واقعہ شرمناک اور درندگی کی انتہا ہے، واقعہ میں ملوث سفاک مجرموں کو چوراہوں پر لٹکایا جائے اور انہیں عبرت کا نشان بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کب تک کم سن معصوم بچیوں کے ساتھ بداخلاقی کے شرمناک مناظر دیکھتی رہے گی؟ انہوں نے کہا کہ بچیوں کے تحفظ اور مجرموں کی سرکوبی کے لئے وزیراعظم، چیف جسٹس آف پاکستان، آرمی چیف اور چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ سر جوڑ کر بیٹھیں اور لائحہ عمل طے کریں، کم سن بچوں اور بچیوں سے زیادتی کرنے والے کسی صورت انسانی معاشرے کے اندر رہنے کے قابل نہیں ہیں، انہوں نے کہا کہ بچوں کے ساتھ زیادتی کے واقعات کی روک تھام اور مجرموں کو عبرتناک سزائیں دلوانے کے لئے بلاتاخیر سخت قانون سازی کی جائے، ایسے نظام اور جمہوریت پر ہزار بار لعنت جس میں قوم کی بیٹیاں محفوظ نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک اسلامی ملک ہے، اسلامی ملک پاکستان کے اندر بچیوں کے ساتھ آئے روز ہونے والے درندگی کے واقعات اخلاقی گراوٹ اور بے حسی کی انتہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زینب کے مجرم کی پھانسی کے بعد امید کی گئی تھی کہ بچیوں کو تحفظ ملے گا مگر ایسا نہیں ہو سکا۔ انہوں نے کہا کہ کشمور واقعہ کی مکمل تحقیقات اور اس میں ملوث تمام کرداروں کو کیفر کردار تک پہنچایاجائے۔
تبصرہ