نواز شریف کے داماد اور بیٹی کو دنوں میں انصاف مل گیا: خرم نواز گنڈاپور
ماڈل ٹاؤن میں لاشیں گرانے والے آج بھی دندناتے پھررہے ہیں
انصاف اور قانون کا دوہرا معیار عدم استحکام کی بڑی وجہ ہے، سیکرٹری جنرل
لاہور (11 نومبر 2020ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ نواز شریف کے داماد اور بیٹی کو دنوں میں انصاف مل گیا، ماڈل ٹاؤن میں لاشیں گرانے والے آج بھی دندناتے پھررہے ہیں، انصاف اور قانون کا یہ دوہرا معیار عدم استحکام کی بڑی وجہ ہے۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ مزار قائد پر نواز شریف کے داماد اور مریم کے خاوند نے بدتمیزی کی انتہا کی، صفدر کی گرفتاری پر تو انگلی اٹھ سکتی ہے مگر مزار قائد کی بے حرمتی کا جرم ناقابل معافی ہے، انہوں نے کہا کہ فوج کے افسران کے خلاف کارروائی سے یہ ثابت ہو گیا کہ فوج میں کوئی قانون سے بالاتر نہیں ہے لیکن نواز شریف اور شہباز شریف نے ماڈل ٹاؤن میں لاشیں گرانے والے آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا، ڈی آئی جی رانا عبدالجبار اور ایس ایس پی، اور ڈی ایس پی کی سطح کے درجنوں افسران کو انعام و اکرام اور ترقیوں سے نوازا تھا، سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ایک خونی کردار مشتاق سکھیرا آج بھی قتل عام کے صلے میں ملے ہوئے وفاقی ٹیکس محتسب کے عہدے کی مراعات سے لطف اندوز ہورہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ طاقتور اور پیسے والے نواز شریف کے داماد کی تکلیف کا ازالہ کرنے کے لئے اوپر سے لیکر نیچے تک بڑے بڑے ریاستی عہدیدار ایک پیج پر جمع ہو گئے اور ہفتوں میں انصاف ہوگیا، ماڈل ٹاؤن میں قتل کر دئیے جانے والے چونکہ پاکستان کے غریب اور مزدور گھروں کے افراد تھے اس لئے 6سال گزر جانے کے بعد بھی انہیں انصاف ملنا دور کی بات غیر جانبدار تفتیش کا حق بھی نہیں ملا، انہوں نے کہا کہ حضور نبی اکرم ﷺ نے ایک موقع پر فرمایا جس کا مفہوم ہے کہ پہلی امتیں اس لئے تباہ و برباد ہو گئیں کہ ان میں سے جب کوئی طاقتور جرم کرتا تھا تو اس کی گرفت نہیں ہوتی تھی جبکہ کمزوروں کو سزائیں دی جاتی تھیں۔
تبصرہ