مہنگائی کو اپوزیشن کا پراپیگنڈا کہنا مایوس کن ہے، عوامی تاجر اتحاد
12 ارب ڈالر کے ملکی ذخائر میں سے 10 ارب ڈالر قرض ہیں: حاجی محمد اسحق
پاکستان کی معیشت گزشتہ ایک عشرہ کی بدترین صورتحال سے دو چار ہے
معاشی استحکام کا راستہ کھیتوں سے گزرتا ہے، حکومت کسان پر انویسٹ کرے
مہنگائی کو پراپیگنڈا کہنا مایوس کن ہے، چیئرمین عوامی تاجر اتحاد کا اجلاس سے خطاب
اجلاس میں الطاف حسین رندھاوا، راشد چوہدری، ثاقب بھٹی، علی پرویز بٹ و دیگر تاجر رہنماؤں کی شرکت
لاہور (10 نومبر 2020ء) عوامی تاجر اتحاد پاکستان کے چیئرمین حاجی محمد اسحاق نے کہا ہے کہ مہنگائی کو اپوزیشن کا پراپیگنڈا قرار دینے سے مہنگائی مافیا کو خوشی اور رزق حلال کمانے والے مزدوروں کو دکھ پہنچا ہے، وزیراعظم کے مہنگائی کو پراپیگنڈا قرار دینے کے بیان کی بازگشت بھی نہیں تھمی تھی کہ شماریات کے ادارے کے اعداد و شمار نے وزیراعظم کے دعوے کی نفی کر دی، انہوں نے کہا کہ آلو، پیاز، ٹماٹر، انڈوں، چینی، دالوں اور مرغی کے گوشت کی قیمتیں تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہیں، وزیراعظم حقائق سے منہ نہ موڑیں عوام کو اقتصادی اعشاریے مثبت ہونے سے نہیں مہنگائی کم ہونے سے تسلی ملے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے عوامی تاجر اتحاد کے مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں مرکزی صدرالطاف حسین رندھاوا، سیکرٹری جنرل راشد چوہدری، ثاقب بھٹی، عامر رفیع، منصور علوی، عامر اسحاق، حاجی عبد الخالق، حفیظ الرحمان خان، علی پرویز بٹ و دیگر تاجر رہنما شریک تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 12 ارب ڈالر کے ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں سے 10 ارب ڈالر قرض ہے، اگر سعودی عرب نے 2 ارب ڈالر واپس مانگ لئے تو پاکستان پر ڈیفالٹر کی تلوار آگرے گی، پاکستان کی معیشت گزشتہ ایک عشرہ کی بدترین صورتحال سے دو چار ہے، معیشت باتوں یا عزم کے اظہار سے نہیں عملی اقدامات سے ٹھیک ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ معاشی استحکام کا راستہ کھیتوں سے گزرتا ہے، حکومت کسان پر انویسٹ کرے، جس دن کسان اپنے پاؤں پر کھڑا ہو گیا معیشت خودبخود کھڑی ہو جائے گی، اس وقت کسان بدترین حالات سے دو چار ہے۔ انہوں نے کہا کہ جان لیوا مہنگائی ایک حقیقت ہے اسے اپوزیشن کا پراپیگنڈا قرار دینا مایوس کن ہے، اگر حکومت مہنگائی کو مسئلہ ہی نہیں سمجھتی تو اس کا حل کیسے نکلے گا۔
تبصرہ