مفرور لیگ ایک بار پھر انتشار اور بدامنی کی سازش شروع کر چکی: خرم نواز گنڈاپور
’’شیرو فورس‘‘ ملک دشمنی اور قتل و غارت گری کا پلان ہے: سیکرٹری جنرل پی اے ٹی
اشتہاری لیگ مفادات کیلئے نوجوانوں کی زندگیوں کے ساتھ کھیلنے سے دریغ نہیں کرے گی
مفرور لیگ کا ایجنڈہ اداروں کو بلیک میل کرنا عوام کو مشتعل کرنا ہے، پی اے ٹی اجلاس سے خطاب
لاہور (7 نومبر 2020ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ نواز شریف کی فوج اور ملک کے خلاف زہریلی گفتگو کے بعد ان کی بیٹی مسلسل آگ اگل رہی ہے۔ دونوں باپ بیٹی مسلسل ریاست کے اداروں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ مفرور لیگ ایک بار پھر انتشار اور بدامنی کی سازش شروع کر چکی ہے۔ ماڈل ٹاؤن میں بے گناہوں کا قتل عام کرنے والے یہ مفرور ذاتی مفادات کو حاصل کرنے کیلئے قوم کے نوجوانوں کی زندگیوں کے ساتھ کھیلنے سے بھی دریغ نہیں کریں گے۔ مزید سانحہ ماڈل ٹاؤن کرنے کیلئے شیرو فورس بنائی گئی۔ نوجوان مفرور لیگ کی تخریبی سیاست سے دور رہیں۔ اشتہاری لیگ مفادات کیلئے نوجوانوں کی زندگیوں کے ساتھ کھیلنے سے دریغ نہیں کرے گی۔ نوجوان ’’شیرو فورس‘‘ سے دور رہیں، یہ ملک دشمنی اور قتل و غارت گری کا پلان ہے۔ شریف برادران کی آستینیں سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مظلوموں کے خون سے بھیگی ہوئی ہیں۔ ن لیگ کا ایجنڈہ اربوں، کھربوں کی کرپشن کے ریفرنس اور قتل و غارت کے مقدمات سے بچنا ہے۔ مفرور لیگ کا ایجنڈہ اداروں کو بلیک میل کرنا عوام کو مشتعل کرنا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان عوامی تحریک کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں بشارت جسپال، ، نور اللہ صدیقی، راجہ زاہد محمود، عارف چوہدری، میاں عبدالقادر، چوہدری افضل گجر، شفاقت مغل، اشتیاق چوہدری سمیت دیگر رہنما شریک تھے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان سزا یافتہ بھگوڑوں سے سوال کریں کہ ن لیگ کے کتنے نوجوان ہیں جو مریم صفدر، حمزہ شہباز، حسن نواز، حسین نواز اور ان کے دوہتوں، پوتوں اور دامادوں کی طرح ککھ سے ارب پتی بنے۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ پاکستان کے باشعور عوام جان لیں کہ عدالتیں شریف خاندان سے ان کے محلات اور دولت کے ذخائر کی منی ٹریل مانگ رہی ہیں جو ان کے پاس نہیں ہے اور ردعمل میں یہ عدالتوں، اداروں کو بلیک میلنگ کر رہے ہیں اور اس کے لئے پاکستان کے عوام کو جلاؤ، گھیراؤ کیلئے مشتعل کر رہے ہیں، ان کا ایجنڈہ اربوں، کھربوں کی کرپشن کے ریفرنسز اور قتل و غارت کے مقدمات سے بچنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف کے دل میں رتی برابر بھی پاکستان کا درد ہے تو وہ اپنی ساری دولت اولاد سمیت پاکستان منتقل کریں، خود کو عدالت کے سامنے سرنڈر کریں اور ثابت کریں کہ وہ واقعتاً پاکستان اور اس کے عوام کے ساتھ مخلص ہیں۔
تبصرہ