میکرون نے خوشبوؤں کے دیس سے فکری تعفن پھیلایا
فرانس کے صدر مسلمانوں سے معافی مانگیں: عوامی تحریک
مذہبی جذبات مجروح کرنا غیر جمہوری، غیر اخلاقی عمل ہے، نوراللہ صدیقی
مقدس ہستیوں کی ناموس، یو این قانون سازی کرے، مرکزی سیکرٹری اطلاعات
لاہور (یکم نومبر 2020ء) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی نے کہا ہے کہ کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے درست کہا کہ آزادی اظہار کے حق کا مطلب دوسروں کو اذیت دینا نہیں ہے اور انہوں نے یہ بھی کہا کہ جو طبقات پہلے سے امتیازی رویے کا شکار ہیں ان کے ساتھ انصاف ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ فرانس کے صدر کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو سے سبق حاصل کریں اور دنیا میں آباد ڈیڑھ ارب سے زائد مسلمانوں کے مذہبی جذبات سے کھیلنا بند کریں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ فرانس کے صدر مسلمانوں سے معافی مانگیں، انہوں نے کہا کہ اہانت آمیز رویہ غیر جمہوری اور غیر اخلاقی ہے، کوئی بھی پڑھا لکھا باشعور اور تہذیب یافتہ شخص اس طرح کی حرکت کا مرتکب نہیں ہو سکتا، میکرون نے خوشبوؤں کے دیس سے فکری تعفن پھیلایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ نے بھی مذاہب عالم کے احترام کی بات کی ہے، مسلمان فرانس سمیت یورپ کے ہر ملک کے اندر ان کی ترقی، استحکام کے ساتھ ساتھ ایک پرامن اور قانون پسند شہری کے طور پر زندگی بسر کررہے ہیں، ان کے مذہبی جذبات سے کھیلنا احمقانہ، متعصب اور متشدد سوچ ہے، انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ بین المذاہب رواداری کے فروغ کے لئے اقوام متحدہ مذہبی ہستیوں کے احترام کے حوالے سے واضح قانون سازی کرے۔
تبصرہ