موجودہ دور میں بھی سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مظلوموں کو انصاف نہیں ملا: خرم نواز گنڈاپور
ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا تھا نواز شریف کے اندر خطرناک الطاف حسین چھپا ہوا ہے
عوامی تحریک کی طرف سے 13 نکاتی منشور کا اعلان، بلدیاتی الیکشن جلد کروانے کا مطالبہ
نظام کی تبدیلی کے لئے عوامی تحریک کے کارکن پوری طرح تیار ہیں، رہنماؤں کا اعلامیہ
لاہور(23 اکتوبر 2020ء) پاکستان عوامی تحریک کی سنٹرل ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس نے عوامی تحریک کے 13 نکاتی منشور اور 3 ماہ میں 10 لاکھ نئے ممبرز بنانے کا اعلان کیا ہے۔ اجلاس کے اختتام پر سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لوٹ کھسوٹ کے اس نظام کی وجہ سے آج ملکی سلامتی داؤ پر لگی ہوئی ہے۔ اس نظام کے خلاف فیصلہ کن تبدیلی کےلئے عوامی تحریک کے کارکن تیار ہیں جتنی جلدی ممکن ہو اس نظام سے جان چھڑا لی جائے۔ عوامی تحریک کے کارکنوں پر نواز شریف اور شہباز شریف کے حکم پردرج ہونےوالی جھوٹی ایف آئی آرز بدستور موجود ہیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے 6 سال قبل کہا تھا کہ نواز شریف کے اندر ایک خطرناک الطاف حسین چھپا ہوا ہے اور نواز شریف ریاست پاکستان کے خلا ف لابنگ کرتا پھر رہا ہے آج ان تمام حقاق پر تصدیق کی مہر لگ گئی۔
انہوں نے کہاکہ مہنگائی، بے روزگاری میں اضافہ اور دن بدن لاء اینڈ آرڈر کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر سخت تشویش ہے۔ حکومت نے ہائیر ایجوکیشن کے بجٹ میں 65 فیصد کمی کر دی تعلیمی وظاءف ختم کر دئیے، یکساں نصاب اور نظام تعلیم کا وعدہ بھی پورا نہیں ہوا یہ افسوسناک ہے۔
پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مزار قائد کی بے حرمتی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں جنہوں نے مزار قائد کا تقدس پامال کیا ان کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے اس ضمن میں کسی ادارے اور کسی حکومت کو معذرت خواہانہ رویہ اختیار نہیں کرنا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ایک بار پھر سانحہ ماڈل ٹاؤن کو ظلم قرار دے رہی ہے اگر حکومت سمجھتی ہے کہ یہ ظلم ہے تو پھر ظلم کرنیوالوں کے خلاف آج تک کارروائی کیوں نہیں ہوئی؟ حکومت عدالتی کارروائی میں مداخلت نہیں کر سکتی لیکن سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ملوث وہ پولیس افسر جنہیں بطور ملزم انسداد دہشتگردی عدالت نے طلب کر رکھا ہے وہ اپنے عہدوں پر ابھی تک براجمان کیوں ہیں؟ کیس کے حتمی فیصلے تک انہیں ان کے عہدوں سے الگ کیوں نہیں کیا جا رہا؟ حکومت اگر مظلوموں کو انصاف نہیں دلوا سکتی تو سانحہ ماڈل ٹاؤن کو سیاست چمکانے کے لئے بھی استعمال نہ کیا جائے۔ پریس کانفرنس میں مرکزی نائب صدر راجہ زاہد محمود، صوبائی صدور میاں نور محمد سہو، قاضی شفیق، میاں ریحان مقبول، عارف چوہدری، مرکزی میڈیا کوآرڈینیٹرز راؤ محمد عارف رضوی، غلام علی خان، چوہدری افضل گجر، ضلعی صدور موجود تھے۔ اجلاس میں عوامی تحریک کے 13 نکاتی منشور کا اعلان اور بلاتاخیر بلدیاتی الیکشن کروانے کا مطالبہ کیا گیا۔
تبصرہ