نواز شریف نے مسلم لیگ (ن) لندن قائم کرلی ہے: خرم نواز گنڈاپور
سزا یافتہ قیدی اور ان کے مفرور بیٹے اب واپس نہیں آئیں
گے: سیکرٹری جنرل
معزز جج نے درست کہا ملزم لندن بیٹھ کر حکومت اور عوام پر ہنستا ہو گا
مریم صفدر مسلم لیگ (ن) لندن چیپٹر کی قائم مقام ہیں
لاہور (30 ستمبر 2020ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ نواز شریف نے مسلم لیگ (ن) لندن قائم کر لی ہے، اب وہ اور ان کے مفرور بیٹے کبھی پاکستان نہیں آئیں گے، مریم صفدر لندن چیپٹر کی قائم مقام ہیں۔ نواز شریف میں الطاف حسین کی روح حلول کر گئی ہے، دیکھتے ہیں ن لیگ پاکستان کے رہنما کب تک ن لیگ لندن کا ساتھ دے پاتے ہیں کیونکہ ن لیگ لندن کا ایجنڈا سیاست نہیں قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف مورچہ زن ہونا ہے۔
خرم نواز گنڈاپور کا کہنا تھا کہ سزا یافتہ قیدی نواز شریف لندن کیسے گیا اس کی مکمل تحقیقات ہونی چاہئیں اور جنہوں نے عدالتوں کو، تفتیشی اداروں کو گمراہ کیا ان سہولت کاروں کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے، ضمانتیوں کو بھی گریبان سے پکڑا جائے۔ انہوں نے کہا کہ لوٹی گئی پائی پائی برآمد کرنا نیب، حکومت اور انصاف کے اداروں کی قانونی اور قومی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جسٹس محسن اختر کیانی نے اپنے ریمارکس میں موجودہ نظام کا حقیقی چہرہ قوم کو دکھاتے ہوئے درست کہا ہے کہ ملزم حکومت اور عوام کو دھوکہ دے کر لندن گیا اور لندن بیٹھ کر عوام اور حکومت پر ہنستا ہو گا۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ عوامی تحریک کی جدوجہد قاتلوں، لٹیروں، چوروں اور دغا بازوں کو تحفظ دینے والے اس نظام کے خلاف ہے۔
تبصرہ