ملک کو درپیش مسائل مضبوط بلدیاتی اداروں کے قیام سے حل ہو سکتے ہیں: خرم نواز گنڈاپور
کارکن بلدیاتی الیکشن کی تیاریوں میں مزید تیزی لائیں: سیکرٹری جنرل پی اے ٹی
محرومیوں سے نجات کیلئے بلدیاتی انتخابات میں تسلسل ضروری ہے: راجہ زاہد
پاکستان عوامی تحریک عوام دشمن نظام کی تبدیلی کی سیاست کو اجاگر کیا ہے۔ قاضی شفیق
عوامی تحریک کے زیراہتمام بلدیاتی کنونشن سے صابر حسین، جمعہ خان و دیگر مقررین کا خطاب
لاہور(29ستمبر 2020)پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ عوامی رابطہ مہم اور یونین کونسل سے پی پی سطح تک عوامی تحریک کی رکنیت سازی مہم میں تیزی لائی جائے۔ پاکستان عوامی تحریک کا سیاسی ویثرن ہر گھر تک پہنچنا چاہیے۔ پاکستان عوامی تحریک کے عہدیدران جس ضلع، تحصیل میں بھی جاتے ہیں عوام انہیں بے پناہ محبت اور احترام دیتے ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک کا مشن غریب عوام کی خدمت ہے اور اللہ کریم نے ہمیشہ ہمیں سرخرو کیا ہے۔ پاکستان عوامی تحریک کو چاروں صوبوں میں ضلع، تحصیل اور وارڈز کی سطح تک مضبوط سیاسی قوت بنائیں گے۔ بلدیاتی الیکشن میں پوری سیاسی اور عوامی قوت کے ساتھ حصہ لے رہے ہیں۔ کارکن بلدیاتی الیکشن کی تیاریوں میں مزید تیزی لائیں۔ رکنیت سازی اور تنظیم سازی کے عمل کو بھی تیز کیا جائے۔ کسی بھی مضبوط جمہوری نظام میں بلدیاتی اداروں کو بے پناہ اہمیت حاصل ہوتی ہے۔ ملک کو درپیش بہت سے مسائل ایسے ہیں جو مضبوط بلدیاتی اداروں کے قیام سے حل ہو سکتے ہیں۔ جب ہر ضلع اور تحصیل میں عوام کو شراکت اقتدار کا احساس ہو گا تو مسائل خود بخود حل ہوتے چلے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان عوامی تحریک کے زیر اہتمام بھکر میں ایک بہت بڑے بلدیاتی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
بلدیاتی کنونشن سے نائب صدر راجہ زاہد محمود، علامہ رانا محمد ادریس، صدر شمالی پنجاب قاضی شفیق، جنرل سیکرٹری شمالی پنجاب سردار صابر حسین، توقیر اعوان، طاہر جاوید، جمعہ خان، شوکت مصطفوی، ڈاکٹر مشتاق، ڈاکٹر محمود حسنین آغا و دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔ عوامی تحریک کے کارکنوں نے بلدیاتی کنونشن میں آمد پر رہنماؤں کا پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے اور نعروں کی گونج میں پرتپاک استقبال کیا۔
راجہ زاہد محمود نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کا انعقاد نہ صرف آئینی تقاضا ہے بلکہ محرومیوں سے نجات کیلئے بلدیاتی انتخابات میں تسلسل ضروری ہے۔ ملک کے تمام صوبوں میں ہمہ وقت بلدیاتی انتخابات کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کے مسائل بلدیاتی سطح پر حل ہو سکیں۔
قاضی شفیق نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک واحد سیاسی جماعت ہے جس نے ملک اور عوام کو درپیش حقیقی مسائل پر آواز اٹھائی ہے۔ عوام دشمن نظام کی تبدیلی کی سیاست کو اجاگر کیا ہے۔ پاکستان عوامی تحریک نے ہمیشہ انسان کے ہاتھوں انسان کے استحصال کے خاتمے کی بات کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ با اختیار مقامی حکومت ہی مضبوط جمہوریت کی بنیاد ہے۔ پاکستان عوامی تحریک بلدیاتی الیکشن میں پوری تیاری اور سیاسی قوت کے ساتھ حصہ لے رہی ہے۔
تبصرہ