عوامی تحریک کے رہنماؤں کی صوبائی وزیر مذہبی امور پیر سید سعید الحسن شاہ سے ملاقات
ہر فرد کو ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہو گا: پیر سید سعید الحسن شاہ
تاجر اور صنعتکار ملک کے سفیر ہیں جو لاکھوں افراد کو روزگار فراہم کرتے ہیں: صوبائی وزیر مذہبی امور
سابق حکمرانوں کی کرپشن اور غلط پالیسیوں کے باعث ملک بدنام ہوا: راجہ زاہد محمود
ملاقات میں چیئرمین عوامی تاجر اتحاد حاجی محمد اسحاق، حافظ غلام فرید، راشد چودھری، ثاقب بھٹی موجود تھے
لاہور (24 ستمبر 2020) پاکستان عوامی تحریک کے نائب صدر راجہ زاہد محمود، چیئرمین عوامی تاجر اتحاد حاجی محمد اسحق، تحریک منہج القرآن لاہور کے صدر حافظ غلام فرید نے صوبائی وزیر مذہبی امور پیر سید سعید الحسن شاہ سے ملاقات کی۔ رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے پیر سید سعید الحسن شاہ نے کہا کہ صنعتکاروں، تاجروں سمیت معاشرے کے ہر فرد کو ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہو گا۔ محنت، امانت، دیانت جیسے سنہری اصول اپنا کر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔ تاجر برادری کو قومی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہے۔ تاجر اور صنعتکار ملک کے سفیر ہیں جو لاکھوں افراد کو روزگار فراہم کرتے ہیں۔ تاجروں، صنعتکاروں کے تمام جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کر رہے ہیں۔ ملک کی تعمیر و ترقی میں معاشرے کے ہر فرد کو اپنا حصہ ڈالنا ہے۔ صنعت و تجارت کو فروغ دے کر ملک تیزی سے ترقی کے اہداف حاصل کر سکتا ہے۔
راجہ زاہد محمود نے کہا کہ تاجروں کیلئے ٹیکس ادائیگی کے نظام کو آسان بنایا جائے۔ عوام دوست اور تاجر دوست اقدامات وقت کی ضرورت ہیں۔ قومی معیشت کو مستحکم بنانے کیلئے اضافی وسائل پیدا کرنا ناگزیر ہے۔ سابق حکمرانوں کی کرپشن اور غلط پالیسیوں کے باعث نہ صرف ملک بدنام ہوا بلکہ توانائی کے شعبے پر توجہ نہ دینے کی وجہ سے صنعتی شعبہ بھی بری طرح متاثر ہوا۔ چیئرمین عوامی تاجر اتحاد حاجی محمد اسحق نے کہا کہ تاجر برادری قومی معیشت کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ ملک و قوم کی ترقی و استحکام کیلئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہو گا تبھی ہم ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑے ہو سکیں گے۔
ملاقات میں عوامی تاجر اتحاد کے سیکرٹری جنرل راشد چودھری، ثاقب بھٹی، شبیر احمد و دیگر بھی موجود تھے۔
تبصرہ