شریف برادران کو سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں گرفتار کیا جائے: عوامی تحریک
14بے گناہ شہریوں کے قتل عام کی ایف آئی آر انصاف کی منتظر ہے
سینئر رہنماؤں بشارت جسپال، راجہ زاہد محمود، عارف چودھری کا مشترکہ بیان
لاہور (21 ستمبر 2020ء) پاکستان عوامی تحریک کے سینئر رہنماؤں بشارت جسپال، راجہ زاہد محمود اور عارف چودھری نے کہا ہے کہ شریف برادران اوران کے حواریوں کو سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں پکڑا جائے، 14 شہریوں کے قتل کی ایف آئی آر انصاف کی منتظر ہے، تمام سیاسی جماعتوں نے عوامی تحریک کی اے پی سی میں مظلوموں کو انصاف دلوانے کے لئے شریف برادران کے خلاف کارروائی کے مطالبے کی حمایت کی تھی، انہوں نے کہا کہ دیار غیر میں بیٹھ کر پاکستان کی سلامتی کے محافظ اداروں کی کردار کشی کرنے والے ملک کے خیر خواہ نہیں ہو سکتے۔ نواز شریف پاکستان کو عدم استحکام سے دو چار کرنے کے لئے مذہبی منافرت بھی پھیلارہے ہیں اور لوٹ مار کا پیسہ پانی کی طرح بہارہے ہیں، رہنماؤں نے کہا کہ جنہوں نے مجرم نواز شریف کو بیرون ملک بھجوانے کے لئے جعلی میڈیکل سرٹیفکیٹ تیار کروائے وہ پاکستان میں ہی ہیں ان کے خلاف کارروائی بھی ہونی چاہیے، انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف قومی خزانے کے چور اور معصوم شہریوں کے قاتل ہیں، انہیں سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں ٹرائل کیا جائے۔
تبصرہ