شالیمار لنک روڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشن کا چیمبر انتخابات میں لاہور بزنس مین فرنٹ کی حمایت کا اعلان
26 ستمبر کو چیمبر الیکشن میں لاہور بزنس مین فرنٹ کے پینل کی جیت یقینی ہے:تاجر رہنما
تاجر اور صنعتکار برادری کے بہتر مفاد میں محنت کو شعار بنائیں گے:محمد امجد چودھری
الیکشن میں حمایت پر شالیمار لنک روڈ ٹریڈرز ایسویسی ایشن کا شکریہ ادا کرتا ہوں: چیئرمین ایل بی ایف
بزنس مین فرنٹ کے امیدوار کامیابی کے بعدتاجر برادری کے مسائل کے حل کرینگے۔ الطاف رندھاوا، حافظ غلام فرید
ملاقات میں چودھری اظہر حسین، امجد یاسین، ارشد وڑائچ، ثناء اللہ خان و دیگر تاجر رہنماء موجود تھے
لاہور (22 ستمبر 2020) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے انتخابات کے سلسلے میں لاہور بزنس مین فرنٹ اور عوامی تاجر اتحاد کے رہنماؤں نے ٹریڈرز ایسوسی ایشن شالیمار لنک روڈ کے مرکزی صدر چودھری اظہر حسین، نائب صدر امجد یاسین، ارشد وڑائچ و دیگر تاجر رہنماؤں سے ملاقات کی۔ شالیمار لنک روڈ کے تاجر رہنماؤں نے انتخابات میں لاہور بزنس مین فرنٹ کے پینل کی حمایت کا اعلان کر تے ہوئے کہا کہ چیمبر کے الیکشن میں لاہور بزنس مین فرنٹ اور عوامی تاجر اتحاد کے حمایت یافتہ پینل کی مکمل سپورٹ کریں گے۔ 26 ستمبر کو ہونے والے الیکشن میں لاہور بزنس مین فرنٹ کے پینل کی جیت یقینی ہے۔ انہوں نے لاہور بزنس مین فرنٹ اور عوامی تاجر اتحاد کے عہدیدران پر زور دیا کہ وہ الیکشن میں کامیابی کے بعد محنت اور پوری لگن کے ساتھ خدمات برائے کار لائیں تاکہ لاہور کی تاجر برادری کو درپیش مسائل کو حل کیا جا سکے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین لاہور بزنس مین فرنٹ محمد امجد چودھری نے کہا کہ حمایت پر تاجر برادری کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ تاجر اور صنعتکار برادری کے بہتر مفاد میں محنت کو شعار بنائیں گے، مشترکہ کوششوں اور حکمت عملی سے لاہور کے تاجر اور صنعتکار برادری کے مسائل حل کرنے کی ضرورت ہے، اگر سچائی اور لگن کے ساتھ کام کیا جائے تو یقینی طور پر ہر چھوٹے اور بڑے تاجر و صنعتکار کو درپیش مسائل حل کئے جا سکتے ہیں۔
عوامی تاجر اتحاد کے مرکزی صدر الطاف حسین رندھاوا اور منہاج القرآن لاہور کے امیر حافظ غلام فرید نے کہاکہ لاہور بزنس مین فرنٹ کے امیدوار کامیابی کے بعد مخلصی کے ساتھ خدمت کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے تاجر برادری کو درپیش مسائل کے حل میں موثر کردار ادا کرینگے۔ رہنماؤں نے کہا کہ تاجر برادری کی خدمت کی پالیسیوں کے نتیجے میں لاہور کی تمام تاجر و صنعتکار برادری کا اعتماد لاہور بزنس مین فرنٹ اور عوامی تاجر اتحاد کے امیدواروں کو حاصل ہے۔ اس موقع پر ثناء اللہ خان، راجہ حسن اختر، رانا شکیل، میاں جاوید علی، ساجد عزیز میر و دیگر رہنما بھی موجو تھے۔
تبصرہ