نواز شریف کا ایجنڈا قومی سلامتی کے اداروں کو بدنام کرنا ہے، خرم نواز گنڈاپور
نواز شریف کا ساتھ دینے والے ماضی میں بھی پچھتائے آئندہ بھی پچھتائیں گے
سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتل بیرونی آقاؤں کے اشاروں پر ناچ رہے ہیں
لاہور (20ستمبر 2020) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے اے پی سی کے اعلامیہ پر اپنے ردعمل میں کہا کہ نواز شریف کا ساتھ دینے والے ماضی میں بھی پچھتائے آئندہ بھی پچھتائیں گے، احتجاجی تحریک وہ چلائیں جن کا دامن صاف ہے، لٹیرے کس منہ سے تحریکیں چلانے کی بات کرتے ہیں، نواز شریف کا ایجنڈا پاکستان یا اس کی سیاست نہیں بلکہ قومی اداروں کی تذلیل اور توہین کرنا ہے، نواز شریف بیرونی آقاؤں کے اشاروں پر ناچ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اینڈ کمپنی اپنے دور حکومت میں ہر اپوزیشن کو کہتے تھے اسمبلی میں آ کر بات کریں اب خود سڑکوں کی طرف بھاگ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا ایجنڈا واضح ہے وہ اپنے ہر جرم کا ذمہ دار فوج کو سمجھتے ہیں، اے پی سی میں شامل جماعتیں نواز شریف کو ایک برائی قرار دیتی تھیں اور آج اسی برائی کے ساتھ کھڑی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتل اور قومی خزانے کے چور پہلے نیب کیسز میں اپنی بے گناہی ثابت کریں پھر سیاست اور جمہوریت کا نام لیں۔
تبصرہ