26 ستمبر کو لاہور بزنس مین فرنٹ کی فتح ہو گی: حافظ غلام فرید
تاجر برادری خوشحال ہو گی تو ملکی معیشت مستحکم ہو گی، صدر منہاج
القرآن لاہور
سچے دیانتدار تاجروں کے ساتھ کھڑے ہیں، کھڑے رہیں گے: حاجی محمد اسحاق
ملاقات میں ایسوسی ایٹ کلاس کے امیدوار راشد چودھری، ثاقب بھٹی اور الطاف رندھاوا بھی
موجود تھے
لاہور (20 ستمبر 2020ء) عوامی تاجر اتحاد اور لاہور بزنس مین فرنٹ کے مرکزی رہنما لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سالانہ انتخابات کے سلسلے میں امیدواروں کے ہمراہ تاجر رہنماؤں اور تاجر تنظیموں کی دعوت پر ڈور ٹو ڈور مارکیٹوں کے دورے کررہے ہیں، عوامی تاجر اتحاد کے چیئرمین حاجی محمد اسحاق، مرکزی صدر الطاف حسین رندھاوا، ایسوسی ایٹ کلاس کے امیدوار سیکرٹری جنرل عوامی تاجر اتحاد راشد چودھری اور ثاقب بھٹی نے تحریک منہاج القرآن لاہور کے صدر حافظ غلام فرید سے ملاقات کی، رہنماؤں نے حافظ غلام فرید کو بتایا کہ تاجروں کے حقوق کا تحفظ ہمیں سب سے زیادہ عزیز ہے، ہم نے تاجروں کی خدمت کا جو وعدہ کیا ہے اور نعرہ لگایا ہے اسے ہر صورت نبھائیں گے۔
حافظ غلام فرید نے تاجر رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تاجر ملکی معیشت کو چلانے کے لئے ٹیکس کی صورت میں ریونیو دیتے ہیں، تاجر برادری خوشحال ہو گی تو ملکی معیشت مستحکم ہو گی، حافظ غلام فرید نے لاہور بزنس مین فرنٹ اور عوامی تاجر اتحاد کے امیدواروں کو بھرپور تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ لاہور بزنس مین فرنٹ کے ایسوسی ایٹ کلاس کے امیدوار راشد چودھری سمیت 26 ستمبر کو پورا پینل جیتے گا، انہوں نے کہا کہ لاہور بزنس مین فرنٹ اور عوامی تاجر اتحاد کے رہنما اپنے منشور کے مطابق تاجروں کی خدمت کررہے ہیں، ہم سچے دیانتدار تاجروں کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔
لاہور چیمبر میں ایسوسی ایٹ کلاس کے امیدوار راشد چودھری نے کہا کہ چیمبر انتخابات میں جو پذیرائی تاجر برادری سے ملی اس پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر کے برسراقتدار گروپ نے ہمیشہ تاجروں کو ریلیف دینے کی بجائے مفادات کا سودا کیا، 26 ستمبر کو اہل اور باصلاحیت قیادت منتخب ہو گی۔
عوامی تاجر اتحاد کے چیئرمین اور صدر الطاف رندھاوا نے حافظ غلام فرید کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ 26 ستمبر کو تاجر برادری میں تفریق پیدا کرنے والوں کو عبرتناک شکست ہو گی، انہوں نے کہا کہ ہمارا منشور تاجروں کی خوشحالی ہے، جس ملک کا تاجر خوشحال نہ ہو وہ ملک کبھی ترقی نہیں کر سکتا۔
تبصرہ