امید ہے وزیراعظم با اختیار بلدیاتی اداروں کا وعدہ پورا کریں گے: خرم نواز گنڈاپور
عوامی تحریک کے زیراہتمام 20 ستمبر کو چکوال میں بلدیاتی کنونشن ہو گا
خرم نوازگنڈاپور، رانا محمد ادریس، قاضی شفیق، راجہ زاہد، عارف چودھری خطاب کریں گے
ہر ضلع میں بلدیاتی کنونشن ہوں گے، کارکنوں کا مورال عروج پر ہے، رہنما
عوامی تحریک کے مرکزی رہنماؤں کے قافلے کا گجرات، جہلم، کھاریاں پر پرتپاک استقبال ہو گا
لاہور (19 ستمبر 2020ء) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی رہنما سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور، راجہ زاہد محمود، عارف چودھری چکوال میں بلدیاتی کنونشن سے خطاب کے لئے لاہور سے چکوال روانہ ہو گئے ہیں، بلدیاتی کنونشن سے رانا محمد ادریس، شمالی پنجاب کے صدر قاضی شفیق، سیکرٹری کوآرڈینیشن عارف چودھری اور مقامی رہنما خطاب کریں گے۔ رہنماؤں کے قافلے کا گجرات، جہلم، کھاریاں میں کارکنان کی طرف سے پرتپاک استقبال کیا جائے گا۔
لاہور سے روانگی کے وقت گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ وزیراعظم نے اعلان کیا ہے کہ وہ آئین کے مطابق بلدیاتی اداروں کو انتظامی اور مالی اعتبار سے بااختیار بنائیں گے، امید ہے وزیراعظم اپنے اس وعدے کو پورا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک کے حمایت یافتہ امیدوار پنجاب بھر میں بلدیاتی الیکشن میں حصہ لیں گے، کارکنوں کا مورال اس وقت عروج پر ہے۔ امیدواروں کے چناؤ کیلئے مرکزی اور ضلعی سطح پر کوآرڈینیشن کمیٹیاں بھی قائم کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک کے امیدوار بہترین کردار اور عوامی خدمت کے باعث کامیاب ہوں گے۔
راجہ زاہد محمود نے کہا کہ اچھی شہرت والے امیدواروں کو کامیاب کروانے سے نظام کی تبدیلی کی راہ ہموار ہو گی۔ عوام گھر کی دہلیز پر مسائل کے حل کیلئے عوامی تحریک کے حمایت یافتہ امیدواروں کو کامیاب کروائیں۔
تبصرہ