چیمبر الیکشن میں تاجر برادری اپنے حقیقی نمائندوں کو منتخب کرے: حاجی محمد اسحاق
بزنس مین فرنٹ چیمبر کے الیکشن میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی، چیئرمین عوامی تاجر اتحاد
بزنس کمیونٹی کی فلاح و بہبود میں لاہور بزنس مین فرنٹ نے قابل تحسین کردار ادا کیا، الطاف حسین رندھاوا
چیمبر کو چند افراد نے ہمیشہ اپنے ذاتی مفاد کے لئے استعمال کیا ہے، مرکزی صدر عوامی تاجر اتحاد
چیمبر کے الیکشن میں کامیابی کے بعد صنعتکاروں اور تاجروں کو ساتھ لیکر چلیں گے، امجد علی چودھری
تاجر برادری کی محبت اور اعتماد پر ہمیشہ پورا اتریں گے، چیئرمین لاہور بزنس مین فرنٹ
میاں جاوید علی، راجہ حسن اختر، محمد راشد چودھری، ثاقب بھٹی، حافظ غلام فرید کا ظہرانے سے خطاب
لاہور (18 ستمبر 2020ء) عوامی تاجر اتحاد پاکستان کے زیر اہتمام لاہور بزنس مین فرنٹ کے قائدین کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا گیا، زونل کوآرڈینیٹر کنٹونمنٹ بورڈ لاہور کینٹ ثاقب بھٹی نے تقریب کی میزبانی کی، چیئرمین عوامی تاجر اتحاد حاجی محمد اسحاق، چیئرمین لاہور بزنس مین فرنٹ امجد علی چودھری، الطاف حسین رندھاوا، میاں جاوید علی، راجہ حسن اختر، چودھری راشد محمود سمیت تاجر رہنماؤں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب میں موجود تاجر رہنماؤں نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے انتخابات میں لاہور بزنس مین فرنٹ کے امیدواروں کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔ تاجروں نے لاہور بزنس مین فرنٹ اور پاکستان عوامی تاجر اتحاد کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اپنے تعاون کا یقین دلایا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین عوامی تاجر اتحاد حاجی محمد اسحاق نے کہا کہ لاہور بزنس مین فرنٹ کی جدوجہد کی وجہ سے تاجروں کو چیمبر میں پذیرائی ملنا شروع ہو گئی ہے، اسی وجہ سے تاجر برادری الیکشن میں لاہور چیمبر آف کامرس کی بھرپور حمایت کررہی ہے۔ لاہور بزنس مین فرنٹ کے قائدین تاجر برادری کے مسائل کے حل کے لئے ہمہ وقت کوشاں ہیں، چیمبر الیکشن میں تاجر برادری پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنے حقیقی نمائندوں کو منتخب کریں جو تاجر برادری کے مسائل کو اچھی طرح سمجھتے ہوں، انشاء اللہ لاہور بزنس مین فرنٹ چیمبر آف کامرس کے الیکشن میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔ مرکزی صدر عوامی تاجر اتحاد الطاف حسین رندھاوا نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کی فلاح اور شہر کی تعمیر و ترقی میں لاہور بزنس مین فرنٹ نے قابل تحسین کردار ادا کیا ہے۔ چیمبر کو کھویا ہوا مقام دینے اور بزنس کمیونٹی کی بہتری کیلئے لاہور بزنس مین فرنٹ کے قائدین عملی جدوجہد کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر پر نااہل افراد کا قبضہ رہا ہے جو کبھی بھی تاجر برادری کی توقعات پر پورا نہیں اترے، چیمبر کو چند افراد نے ہمیشہ اپنے ذاتی مفاد کے لئے استعمال کیا ہے، فیصلے میرٹ کی بجائے پسند نہ پسند کی بنیادوں پر ہوتے رہے، تاجر برادری کے مسائل کے حل کیلئے تاجر برادری کے حقیقی نمائندوں کو کامیاب کروانا ہو گا۔ لاہور بزنس مین فرنٹ کئی سالوں سے تاجر برادری کے مسائل کے حل کیلئے میدان عمل میں ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین لاہور بزنس مین فرنٹ امجد علی چودھری نے کہا کہ چیمبر کے الیکشن میں کامیابی کے بعد صنعتکاروں اور تاجروں کو ساتھ لیکر چلیں گے اور ان کی مشاورت سے مسائل کے حل کیلئے حکمت عملی وضع کرینگے، کامیابی کے بعد تاجر برادری کو کبھی مایوس نہیں کرینگے، تاجر برادری نے جس محبت اور اعتماد کا اظہار کیا ہے انشاء اللہ اس پر پورا اتریں گے۔ کورونا سمیت دیگر مسائل کی وجہ سے مشکلات کا شکار تاجر برادری کو ہر ممکن ریلیف دلانا ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں معاشی انقلاب لانے کے لئے ٹیکس نظام میں اصلاحات، سرمایہ کاری کے فروغ، ٹیکس دہندگان کو مکمل عزت دینے، صوبے کے پوٹینشل سے استفادہ حاصل کرنے، چین اور دیگر ممالک سے تجارت کو فروغ دینے پر کام کرنا ہو گا۔ چودھری محمد امجد نے تقریب کے انعقاد اور الیکشن میں حمایت پر تاجر رہنماؤں کا شکریہ ادا کیا، تقریب سے ایسوسی ایٹ کلاس کے امیدوار راشد چودھری، ثاقب بھٹی، شہباز بٹ، حافظ غلام فرید، میاں جاوید علی، راجہ حسن اختر، مسعود عالم بٹ و دیگر نے بھی خطاب کیا۔
تبصرہ