عوامی تحریک نے بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں شروع کر دیں: بشارت جسپال
پنجاب کے تمام اضلاع اور تحصیلوں میں عوامی تحریک کی تنظیم سازی
کا عمل جاری ہے
موجودہ سیاسی نظام میں چوروں، لٹیروں اور قاتلوں کا بے رحم احتساب ممکن نہیں، صوبائی
صدر سنٹرل پنجاب
مضبوط بلدیاتی ادارے ملک کی تعمیر و ترقی اور شہری مسائل کے حل کیلئے ناگزیر ہیں، وفود
سے ملاقات
لاہور (17 ستمبر 2020ء) پاکستان عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کے صدر بشارت جسپال نے کہا ہے کہ پاکستان عوامی تحریک نے بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں شروع کر دی ہیں، پنجاب کے تمام اضلاع اور تحصیلوں میں عوامی تحریک کی تنظیم سازی کا عمل جاری ہے۔ عوام کی بڑی تعداد پاکستان عوامی تحریک میں شمولیت اختیار کر رہی ہے، پاکستان عوامی تحریک نے ہمیشہ غریب عوام کے حقوق کی بات کی ہے۔ موجودہ سیاسی نظام عوام کا دشمن ہے اس میں نہ تو چوروں، لٹیروں اور قاتلوں کا بے رحم احتساب ممکن ہے اور نہ ہی عوام کو ان کے بنیادی حقوق مل سکتے ہیں، جب یہ نظام بدلے گا تو پھر عوام کے حالات بدلیں گے۔ پاکستان عوامی تحریک کی جدوجہد نظام کی تبدیلی کے لئے ہے، ہماری جدوجہد ترقی یافتہ، خوشحال، پرامن پاکستان کے لئے ہے۔ ان خیالات کا اظہار بشارت جسپال نے مرکزی سیکرٹریٹ میں مختلف وفود سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر میاں ریحان مقبول، عارف چودھری، چودھری افضل گجر، شفاقت مغل، سلطان محمود چودھری و دیگر رہنما بھی موجود تھے۔
بشارت جسپال کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان عوامی تحریک نے ملک میں سیاسی شعور کو بیدار کیا اور یہ جدوجہد آج بھی جاری ہے، عوامی تحریک کی سیاست کا محور و مرکز خدمت انسانیت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن میں پوری سیاسی قوت کے ساتھ حصہ لیں گے، بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں اور عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں پورے پنجاب میں ضلعی، تحصیلی اور یونین کونسل سطح پر بلدیاتی کنونشن منعقد کرنے کا سلسلہ جاری ہے اور بلدیاتی انتخابات تک جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ مضبوط بلدیاتی ادارے ملک کی تعمیر و ترقی اور شہری مسائل کے حل کیلئے ناگزیر ہیں، پوری دنیا میں لوکل گورنمنٹ کے ذریعے شہریوں کو صاف ستھری اور محفوظ زندگی گزارنے کے موقع فراہم کئے جاتے ہیں۔ مضبوط بلدیاتی ادارے ملک کی تعمیر و ترقی کے ضامن ہوتے ہیں، جب ملک کا شہری نظام بہتر ہوتا ہے، مقامی حکومتیں فعال ہوتی ہیں تو کسی بھی ملک کا ترقی کرنا یقینی ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک کے عہدیداران اور کارکن مزید فعال اور متحرک ہو جائیں، بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے والے کارکنان عوامی رابطہ مہم میں تیزی لائیں اور پاکستان عوامی تحریک کا وژن ہر فرد تک پہنچائیں۔
تبصرہ