مشاہد اللہ جیسے مالشیوں نے جمہوریت اور اسمبلیوں کو بدنام کیا: ترجمان پی اے ٹی
سانحہ ماڈل ٹاؤن کی غیرجانبدار تفتیش میں رکاوٹ نواز شریف اور شہباز شریف ہیں
لاہور (15 ستمبر 2020ء) پاکستان عوامی تحریک کے ترجمان نے کہا ہے کہ مشاہد اللہ شریف خاندان کا ذاتی ملازم اور مالشیا ہے، عوامی نمائندوں کے مقدس ایوان میں کھڑے ہو کر جھوٹ بولتے اور مجرم نواز شریف کی خوشامد کرتے ہوئے بھی اسے شرم نہیں آتی، سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ماسٹر مائنڈ اور ذمہ دار نواز شریف اور شہباز شریف ہیں، اس کا سب سے بڑا ثبوت یہ ہے کہ ان کی حکومت کے دوران بھی ڈاکٹر طاہرالقادری مسلسل چار سال سانحہ ماڈل ٹاؤن کی غیر جانبدار تفتیش کا مطالبہ کرتے رہے مگر مشاہد اللہ کے قاتل آقاؤں نے غیر جانبدار تفتیش نہیں ہونے دی اور آج تک یہ قاتل ٹولہ ماڈل ٹاؤن سانحہ کی غیر جانبدار تفتیش نہیں ہونے دے رہا، انہوں نے کہا کہ اگر مشاہد اللہ سمجھتے ہیں کہ نواز شریف اور شہباز شریف بے گناہ شہریوں کے قاتل نہیں ہیں تو آج ہی نواز شریف اور شہباز شریف سے کہیں کہ لاہور ہائیکورٹ میں غیر جانبدار جے آئی ٹی کے خلاف اپنا موقف واپس لے لیں اور غیر جانبدار جے آئی ٹی جو سپریم کورٹ کے فلور پر بنی تھی اسے تسلیم کر لیں اور اس جے آئی ٹی کو اپنا کام مکمل کرنے دیں، اس جے آئی ٹی کے فیصلے سے ہی دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔
ترجمان نے کہا کہ یہ اس قدر ننگِ ملت اور ننگِ دین لوگ ہیں کہ انہیں آج کے دن تک معصوم شہریوں کے قتل ناحق پر بھی کوئی شرمندگی اور پچتھاوا نہیں ہے، انہوں نے کہا کہ شریف خاندان اور اس کے حواری نشان عبرت بنے ہوئے ہیں، ان قاتلوں اور قومی خزانے کے چوروں کو پاکستان کی سرزمین قبول کرنے کے لئے تیار نہیں ہے اور یہ دربدر دھکے اور ٹھوکریں کھا رہے ہیں مگر اس کے باوجود اللہ سے معافی مانگنے کی بجائے یہ تہمت اور الزام تراشی کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ مشاہد اللہ جیسے مالیشیوں نے جمہوریت اور اسمبلیوں کو بدنام کیا۔
تبصرہ