ووٹرز کی قوت لاہور بزنس مین فرنٹ کیساتھ ہے، عوامی تاجر اتحاد
26 ستمبر کو لاہور بزنس مین فرنٹ کے رہنماؤں کے گلے میں فتح کے ہار پہنائیں گے
چیمبر آف کامرس کے الیکشن میں حمایت پر بابر بٹ اور اعظم خان نیازی کے شکرگزار ہیں
بابر بٹ کی تاجر برادری کے لئے خدمات و کارکردگی کا زمانہ شاہد ہے، حاجی محمد اسحاق
چیمبر آف کامرس سے اجارہ داری ختم کر کے ایماندار قیادت سامنے لائیں گے، الطاف رندھاوا
تاجر برادری کے حقوق کے لئے ہمہ وقت جدوجہد ہمارا منشور ہے، چودھری محمد امجد
اجلاس سے سردار عثمان غنی، راجہ حسن اختر، ثاقب بھٹی، میاں جاوید علی، ساجد عزیز میر دیگر تاجر رہنماؤں نے خطاب کیا
لاہور (15 ستمبر 2020ء) عوامی تاجر اتحاد پاکستان اور لاہور بزنس مین فرنٹ کے زیراہتمام لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی الیکشن مہم کے سلسلے میں اہم اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں عوامی تاجر اتحاد کے چیئرمین حاجی محمد اسحاق، لاہور بزنس مین فرنٹ کے چیئرمین محمد امجد چودھری، صدر عوامی تاجر اتحاد الطاف حسین رندھاوا، سردار عثمان غنی، راجہ حسن اختر سمیت تاجر رہنماؤں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حاجی محمد اسحاق نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے الیکشن میں لاہور بزنس مین فرنٹ کی حمایت پر بابر بٹ صدر آل پاکستان سمال ٹریڈرز اور محمد اعظم خان نیازی صدر پنجاب پبلک ٹرانسپورٹ کا شکریہ ادا کرتے ہیں، تاجر برادری کے لئے بابر بٹ اور اعظم خان نیازی کی خدمات اور کارکردگی کا زمانہ شاہد ہے، دونوں رہنماؤں کی حمایت لاہور بزنس مین فرنٹ اور عوامی تاجر اتحاد کے لئے بڑی کامیابی ہے، انہوں نے کہا کہ جلد لاہور بزنس مین فرنٹ کے رہنماؤں کے گلے میں فتح کے ہار پہنائیں گے، انہوں نے کہا کہ عوامی تاجر اتحاد نے روایتی سیاست سے ہٹ کر میرٹ پر لاہور بزنس مین فرنٹ کی حمایت کی ہے اور کرتے رہیں گے۔
مرکزی صدر عوامی تاجر اتحاد الطاف حسین رندھاوا نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سے اجارہ داری ختم کرنے کا عزم کر لیا ہے، ایماندار قیادت سامنے لائیں گے، انہوں نے کہا کہ معیشت کی بہتری اور تاجروں کی فلاح و بہبود کے لئے ہمیشہ عملی جدوجہد کی، انہوں نے کہا کہ لاہور بزنس مین فرنٹ اور عوامی تاجر اتحاد کا پینل تاجروں کے مسائل سے آگاہ اور منجھے ہوئے صنعتکاروں و معاشی ماہرین پر مشتمل ہے، الیکشن میں کامیابی کے بعد تاجر برادری کو درپیش مسائل کا حل اولین ترجیح ہو گی۔
چیئرمین لاہور بزنس مین فرنٹ امجد چودھری نے کہا کہ چیمبر آف کامرس کے الیکشن میں حمایت پر بابر بٹ، اعظم خان نیازی کا شکرگزار ہوں، الیکشن وعدوں سے نہیں بلکہ خدمت سے جیتے جاتے ہیں، ووٹرز کی قوت لاہور بزنس مین فرنٹ کے ساتھ ہے، تاجر برادری کے حقوق کے لئے ہمہ وقت جدوجہد ہمارا منشور ہے۔ انہوں نے کہا کہ کامیابی کے بعد ایک واضح سمت متعین کر کے مربوط حکمت عملی کے تحت کام کریں گے، کاروباری شعبہ اور معیشت کو درپیش مسائل کا خاتمہ ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس سب کے لئے ہے۔
اجلاس سے میاں جاوید علی، ساجد عزیز میر، ثاقب بھٹی، رانا اخلاق علی، خواجہ شکیل احمد، علی پرویز بٹ و دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔
تبصرہ