پاکستان عوامی تحریک کے زیر اہتمام قائداعظم رحمۃ اللہ علیہ کی 72 ویں برسی پر دعائیہ تقریب
مرکزی، صوبائی، ضلعی رہنماؤں کی شرکت، دعائیہ تقریب میں بانی پاکستان
کو خراج تحسین پیش کیا گیا
بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح بااصول، انصاف پسند اور جرأت مند رہنما تھے: خرم
نواز گنڈاپور
محمد علی جناح ایسا پاکستان چاہتے تھے جہاں سب کو یکساں سماجی، معاشی انصاف ملے، سیکرٹری
جنرل پی اے ٹی
بشارت جسپال، راجہ زاہد محمود، نوراللہ صدیقی، میاں ریحان مقبول، عارف چودھری، میاں
عبدالقادر
لاہور(11 ستمبر 2020ء) پاکستان عوامی تحریک کے زیر اہتمام بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح رحمۃ اللہ علیہ کی 72ویں برسی کے موقع پر مرکزی سیکرٹریٹ میں دعائیہ تقریب منعقد ہوئی جس میں پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی، صوبائی، ضلعی رہنماؤں نے شرکت کی، دعائیہ تقریب میں بانی پاکستان کی شخصیت کو خراج تحسین پیش کیا گیا اور ان کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی گئی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ پاکستان دو قومی نظریے کی بنیاد پر وجود میں آیا، برصغیر کے مسلمانوں نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت میں یہ وطن بے شمار قربانیاں دے کر حاصل کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن ہمیں ایک عظیم قائد کی یاد دلاتا ہے، ایک ایسے قائد کی جس نے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک نصب العین دیا۔ آج ملک ایک مشکل دور سے گزررہا ہے، ہمیں یہ سوچنے کی ضرورت ہے کہ قائداعظم رحمۃ اللہ علیہ کے پیش نظر پاکستان کے قیام کا مقصد کیا تھا اور ان کے تصورات کے مطابق پاکستان کا نظام اور پاکستان کی قومی زندگی کی اہمیت کیا ہونی چاہیے تھی؟ ان کا مزید کہنا تھا کہ بانی پاکستان کے فرمودات پر عمل پیرا ہو کر ہی ملک کو بحرانوں سے نجات دلائی جا سکتی ہے۔ محمد علی جناح بااصول، انصاف پسند اور جرأت مند رہنما تھے، تحمل، برداشت اور رواداری پر مبنی معاشرے کا قیام بانی پاکستان محمد علی جناح رحمۃ اللہ علیہ کا خواب تھا۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم سب اپنے ذاتی مفادات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے پاکستان کی تعمیر و ترقی اور استحکام کیلئے اپنی صلاحیتوں کو بروئے لائیں۔ انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان ایک ایسا پاکستان چاہتے تھے جو تعصب، عدم برداشت اور انتہا پسندی سے پاک ہو، دہشت گردی کے خاتمے کے لئے انتہا پسندی کا خاتمہ کرنا ہو گا، تعلیم کے فروغ سے انتہا پسندی کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکتا ہے، تحمل،برداشت اور رواداری پر مبنی پرامن معاشرے کا قیام بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح رحمۃ اللہ علیہ کا خواب تھا، قائداعظم محمد علی جناح ایک ایسا پاکستان چاہتے تھے جہاں سب کو یکساں سماجی، معاشی انصاف ملے، محمد علی جناح نے قوم کو ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کے سنہری اصول اپنانے کی تلقین کی، پاکستان کی تعمیر و ترقی کیلئے قائداعظم رحمۃ اللہ علیہ کے دئیے ہوئے اتحاد، ایمان اور تنظیم کے سنہری اصولوں پر عمل پیرا ہونا ہو گا، اسی سے ملک ترقی کرے گا اور خوشحال ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ اپنے ذاتی مفادات کو پس پشت رکھ کر بحیثیت قوم اتحاد و یکجہتی کی مثالی فضاء پیدا کی جائے۔ تقریب سے بشارت جسپال، راجہ زاہد محمود، نوراللہ صدیقی، میاں ریحان مقبول، عارف چودھری، میاں عبدالقادرنے بھی خطاب کیا۔ تقریب کے اختتام پر بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے درجات کی بلندی، ملکی سلامتی و خوشحالی کیلئے دعا کی گئی۔
تبصرہ