پاکستان عوامی تحریک کی شہر شہر دفاع پاکستان ریلیاں، شہدا کی یادگاروں پر حاضری
لاہور میں مناواں سے واہگہ بارڈر جلوموڑ تک دفاع پاکستان ریلی، لوگوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی
عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کے زیراہتمام گوجرانوالہ، گجرات، فیصل آباد، چک جھمرہ، راولپنڈی میں ریلیاں
1965 کے شہدا کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت، شہدا کے ایصال ثواب کیلئے خصوصی دعائیں
عوام اور فوج مل کر پاکستان کے دشمنوں کو نیست و نابود کر دیں گے، مقررین کا خطاب
ملک کا دفاع یقینی بنانے والوں پر فخر ہے۔ میاں ریحان مقبول، میاں کاشف، افضل گجر، حافظ غلام فرید کا ریلیوں سے خطاب
لاہور (6 ستمبر 2020) پاکستان عوامی تحریک کے زیراہتمام یوم دفاع کے موقع پر شہر شہر دفاع پاکستان کے عنوان سے خصوصی دعائیہ تقریبات اور سیمینارز کا انعقاد کیا گیا۔ 1965 کی جنگ میں ملک پر جان نثار کرنے والوں کی قبروں پر حاضری دی گئی۔ شہدا کی یادگاروں پر پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں اور فاتحہ خوانی کی گئی۔ پاکستان عوامی تحریک لاہور کے صدر چوہدری افضل گجر، حافظ غلام فرید، شفاقت مغل، ثاقب بھٹی، حاجی امجد کی قیادت میں مناواں سے واہگہ بارڈر جلوموڑ تک دفاع پاکستان ریلی نکالی گئی جس میں لوگوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔ ریلی میں شریک افراد نے کتبے، بینرز اور قومی پرچم اٹھا رکھے تھے جن پر پاک فوج سے اظہار یکجہتی اور شہدا کو خراج تحسین پیش کرنے کے حوالے سے نعرے درج تھے۔
عوامی تحریک کے رہنماؤں نے نشان حیدر میجر عزیز بھٹی، مناواں، جلو موڑ پر یادگار شہدا پر حاضری دی۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی طرف سے پھولوں کی چادر چڑھائی۔ عوامی تحریک کے رہنماؤں نے لاہور میانی صاحب میں میجر شبیر حسین شہید نشان حیدر کے مزار پر بھی حاضری دی۔ قائد منہاج القرآن کی طرف سے پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔
دریں اثنا پاکستان عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کی طرف سے لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، فیصل آباد، چک جھمرہ، راولپنڈی و دیگر شہروں سے دفاع پاکستان ریلیاں نکالی گئیں۔ ریلیوں کی قیادت پاکستان عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کے جنرل سیکرٹری میاں ریحان مقبول، میاں عبدالقادر، میاں کاشف و دیگر رہنماؤں نے کی۔ ریلیوں میں پاکستان عوامی تحریک اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ریلیوں میں جنگ ستمبر 1965 کے شہدا کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ شہدا کے ایصال ثواب کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
ریلیوں سے خطاب کرتے ہوئے میاں ریحان مقبول، میاں کاشف، چوہدری افضل گجر، حافظ غلام فرید، شفاقت مغل نے کہا کہ ملک کا دفاع یقینی بنانے والوں پر فخر ہے۔ 6 ستمبر کا دن پیغام دیتا ہے کہ ملک کی بہادر افواج اور پاکستانی قوم مادر وطن کیلئے ناقابل فراموش قربانیوں کی تاریخ رقم کرنا جانتے ہیں۔ رہنماؤں نے کہا کہ 6 ستمبر کا دن ہمارے عزم اور حوصلوں کو تقویت دیتا ہے۔ آج کے دن اس بات کا عزم بھی کرنا ہے کہ ملک کو درپیش خطرات اور چیلنجوں کا مقابلہ اسی صورت ممکن ہے کہ ہم اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق اور بھائی چارہ پیدا کریں۔ عوام اور فوج مل کر پاکستان کے دشمنوں کو نیست و نابود کر دیں گے۔ عوامی تحریک کے رہنماؤں نے پاک فوج کے شہیدوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہماری بہادر فوج نے ملک کے دفاع اور سلامتی کیلئے ہمیشہ قربانیوں کی بے مثال تاریخ رقم کی ہے۔
تبصرہ