پاکستان عوامی تحریک کا اجلاس، مادر وطن کے تحفظ کیلئے قربانیاں دینے والوں کو خراج تحسین
افواج پاکستان کے ہوتے ہوئے ہماری سلامتی پر کوئی بری نظر نہیں ڈال سکتا
مادر وطن کے دفاع کیلئے شہدا کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں: خرم نواز گنڈاپور
روشن مستقبل کیلئے امن، محبت، اتحاد اور بھائی چارے کو فروغ دینا ہو گا: سیکرٹری جنرل پی اے ٹی
ملک معاشی طور پر طاقت ور ہوگا تو دفاع کے تقاضے پورے ہوں گے
بریگیڈئیر (ر) اقبال احمد خان، ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد، انجینئر رفیق نجم، سردار شاکر مزاری کا اجلاس سے خطاب
لاہور (6 ستمبر 2020) پاکستان عوامی تحریک کا مشاورتی اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں مرکزی، صوبائی، ضلعی عہدیدران نے شرکت کی۔ اجلاس میں مادر وطن کے تحفظ، سلامتی اور دفاع کیلئے قربانیاں دینے والوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ افواج پاکستان نے مشکل کی ہر گھڑی میں وطن کے چپے چپے کا دفاع کیا۔ جنگ ستمبر کے شہدا نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا۔ 6 ستمبر 1965 کا دن ملک کی بہادر مسلح افواج کی جرات و قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ افواج پاکستان کے ہوتے ہوئے ہماری سلامتی پر کوئی بری نظر نہیں ڈال سکتا۔ وطن کے دفاع کےلیے عوام اور فوج یکجان ہیں۔ اجلاس میں بریگیڈئیر (ر) اقبال احمد خان، ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد، انجینئر رفیق نجم، سردار شاکر مزاری، علامہ رانا محمد ادریس، سدرہ کرامت، جواد حامد، مظہر علوی، عرفان یوسف، حافظ غلام فرید، شہزاد رسول، الطاف رندھاوا و دیگرنے شرکت کی۔
خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ مادر وطن کے تحفظ، سلامتی اور دفاع کیلئے شہدا کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔ آج کا دن تقاضا کرتا ہے کہ ہم سب متحد ہو کر ملک کو معاشی طور پر طاقتور، خوشحال اور ترقی یافتہ بنائیں۔ ملک معاشی اور اقتصادی طور پر طاقت ور ہوگا تو دفاع پاکستان کے حقیقی تقاضے پورے ہوں گے۔ 6 ستمبر 1965 کا دن ملک کی بہادر مسلح افواج کی جرات، قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ 55 سال قبل بہادر افواج پاکستان نے اور غیور قوم نے اپنے اتحاد، یگانگت اور ملی جذبے سے ثابت کیا کہ وہ ملک کے چپے چپے کا دفاع کرنا جانتے ہیں۔
بریگیڈئیر (ر) اقبال احمد خان نے کہا کہ افواج پاکستان اور عوام نے 1965 کی جنگ میں دنیا کو پیغام دیا کہ اتحاد، جذبہ ایمانی اور جرات و بہادری کے سامنے بڑے سے بڑے ہجوم کی کوئی اہمیت نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن یہ پیغام بھی دیتا ہے کہ آئندہ نسلوں کے روشن مستقبل کیلئے امن، محبت، اتحاد اور بھائی چارے کو فروغ دینا ہو گا۔ ملک کے دفاع، سلامتی، خودمختاری اور استحکام کے عزم کی تجدید کرنا ہوگی۔ ملک کی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کیلئے جانیں قربان کرنے والے قوم کے محسن ہیں۔ پاک فوج اور عوام کی دہشتگردی کے خاتمے کیلئے قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔
ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد نے کہا کہ دفاع جتنا مضبوط ہوتا ہے قوم بھی اتنی ہی مضبوط ہوتی ہے۔ 6 ستمبر کا دن ایک ایسی کسوٹی ہے جس پر بحرانوں سے نمٹنے کیلئے اپنے کردار اور کارکردگی کو پرکھ سکتے ہیں۔ بحثیت قوم اپنے رویوں اور صلاحیتوں کو جانچ سکتے ہیں۔ یوم دفاع جہاں مسلح افواج کی جرات، بہادری اور قربانیوں کی یاد دلاتا ہے وہاں ملی وحدت، جذبہ حب الوطنی اور قومی افتخار کی یاد بھی دلاتا ہے۔ یہ وہ اہم دن ہے جب ساری قوم ملک کے دفاع کیلئے فرد واحد کی طرح اکٹھی ہو گئی تھی۔ عوامی تحریک کے مشاورتی کونسل کے اجلاس میں شہدا کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ 1965 کے شہدا کے درجات کی بلندی، ملکی سلامتی خوشحالی کیلئے دعا کی گئی۔
تبصرہ