قومی مجرم نواز شریف کو انٹرپول کے ذریعے واپس لایا جائے: خرم نواز گنڈاپور
نواز شریف کو مفرور قرار دینے کی دھمکی لندن میں مستقل رہنے کی سہولت ثابت ہو گی
سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ماسٹر مائنڈ کا عبرت ناک انجام دیکھنا چاہتے ہیں
نواز شریف نے آخری بار بھی قانون کو دھوکہ دیا: سیکرٹری جنرل عوامی تحریک
لاہور (1 ستمبر 2020) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ قومی مجرم نواز شریف کو انٹرپول کے ذریعے واپس لایا جائے۔ نواز شریف کو مفرور قرار دینے کی دھمکی لندن میں مستقل رہنے کی سہولت ثابت ہو گی۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ماسٹر مائنڈ کا عبرت ناک انجام دیکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجرم نواز شریف کو تھانہ کچہری میں جو خصوصی برتاؤ کی سہولت میسر ہے پاکستان کے کسی اور شہری کو حاصل نہیں۔ قوم پوچھنا چاہتی ہے کہ جس شخص کے جھوٹے اور کرپٹ ہونے کی گواہیاں ہر طرف سے آئیں اس کے ساتھ نرمی والے برتاؤ کی وجہ کیا ہے;238; انہوں نے کہاکہ نواز شریف کے حواری کہتے ہیں کہ وہ پاکستان آنے کیلئے بے چین ہیں، بے چینی کس بات کی ہے؟ وہ ٹکٹ لیں اور واپس آجائیں یا واپسی کی ذمہ داری نیب کو دے دیں تو نیب پل بھر میں واپسی کے سارے انتظامات کر دے گا۔ انہوں نے کہا کہ خدا کیلئے پاکستان کے قانون کو مذاق نہ بنائیں، ادارے غریب اور امیر کی تفریق بند کر دیں۔ پاکستان اس دن باوقار ہو گا جب امیر اور غریب قانون کی نظر میں یکساں شہری قرار پائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف نے آخری بار بھی قانون اور عدالت کو دھوکہ دیا اور واپس آنے کا وعدہ کرنے کے باوجود نہیں آئے۔ منی ٹریل دینے سے لے کر واپس آنے کا وعدہ کرنے تک جھوٹ بولا۔ بدقسمتی سے ایسا جھوٹا شخص 40 سال سے پاکستان کی سیاست سے چمٹا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تاثر مضبوط ہو چکا ہے کہ شریف خاندان خزانہ لوٹے یا کارکنوں کا قتل عام کرے کوئی انہیں ہاتھ نہیں لگا سکتا۔
تبصرہ