عوامی تاجر اتحاد کا اجلاس مرکزی، صوبائی، ضلعی رہنماؤں کی شرکت
عوامی تاجر اتحاد اور لاہور بزنس مین فرنٹ لاہور چیمبرکے انتخابات
مل کر لڑیں گے
ایسوسی ایٹ کلاس کےلئے سیکرٹری جنرل عوامی تاجر اتحاد راشد چودھری مشترکہ امیدوار نامزد
تاجر تنظیموں سے رابطوں کےلئے 20 رکنی کمیٹی تشکیل، سربراہ ثاقب بھٹی ہونگے
تاجر تنظیموں سے رابطوں کےلئے شیڈول مرتب کر لیا جیت تاجروں کے حقیقی نمائندوں کی ہو
گی: حاجی محمد اسحق
لاہور بزنس مین فرنٹ اور عوامی تاجر اتحاد تاجر برادری کے مسائل کے حل کےلئے عملی جدوجہد
کر رہے ہیں: الطاف رندھاوا
لاہور (28 اگست 2020ء) عوامی تاجر اتحاد پاکستان کا اہم اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین عوامی تاجر اتحاد حاجی محمد اسحق نے کی۔ اجلاس میں مرکزی صدر الطاف حسین رندھاوا، سیکرٹری جنرل راشد چودھری، ثاقب بھٹی، علی پرویز بٹ سمیت عوامی تاجر اتحاد پاکستان کے مرکزی، صوبائی، ضلعی رہنماؤں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے آنیوالے الیکشن 2020اور تاجر برادری کو درپیش مسائل کے حل کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کے بعد اہم فیصلے کئے گئے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ لاہور چیمبر آف کامرس 2020 کے انتخابات لاہور بزنس مین فرنٹ کے ساتھ مل کر لڑیں گے۔ عوامی تاجر اتحاد اور لاہور بزنس مین فرنٹ کا اتحاد لاہور چیمبر پر چھائی طویل اندھیری رات کا خاتمہ کرے گا، چھوٹے تاجروں کے مسائل حل کریں گے۔ تاجر برادری میں پائی جانیوالی بے چینی کا خاتمہ کرینگے۔ اجلاس میں اعلان کیا گیا کہ عوامی تاجر اتحاد اور بزنس مین فرنٹ کے مشترکہ پلیٹ فارم سے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی ایسوسی ایٹ کلاس کے الیکشن 2020ء کےلئے سیکرٹری جنرل عوامی تاجر اتحاد راشد چودھری کو امیدوار نامزد کرتے ہیں۔ جلد تفصیلی مشاورت کے بعد پورے پینل کا اعلان کرینگے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حاجی محمد اسحق نے کہا کہ کارپوریٹ کلاس اور ایسوسی ایٹ کلاس کا الیکشن لاہور بزنس مین فرنٹ کے ساتھ مل کر لڑیں گے اور جیت تاجروں کے حقیقی نمائندوں کی ہو گی۔ تاجر تنظیموں سے رابطوں اور لاہور کے مختلف بازاروں کا دورہ کرنے کےلئے بھی شیڈول مرتب کر لیا ہے۔ تاجر تنظیموں سے رابطوں کےلئے 20رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ تاجر رابطہ کمیٹی کے سربراہ ثاقب بھٹی ہونگے۔ ثاقب بھٹی کی سربراہی میں عوامی تاجر اتحاد کے رہنما تاجر تنظیموں سے ملاقات کرینگے اور انہیں اپنے منشور سے آگاہ کرینگے۔ لاہور بزنس مین فرنٹ کے ساتھ مل کر مختلف مارکیٹوں میں انتخابی دفاتر بھی قائم کئے جائینگے۔ الطاف حسین رندھاوا نے کہا کہ لاہور کی مختلف مارکیٹوں کے عہدیدار مارکیٹوں کے دورے کی دعوت دے رہے ہیں۔ تاجر رہنماؤں سے مکمل رابطے میں ہیں۔ تاجر تنظیموں کے اعزاز میں ظہرانے اور عشائیے بھی دینگے۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سالانہ انتخابات کےلئے انتخابی مہم شروع کر دی ہے۔ چیمبر آف کامرس کے انتخابات میں عوامی تاجر اتحاد بھر پور قوت کے ساتھ متحرک کردار ادا کریگی۔ لاہور بزنس مین فرنٹ اور عوامی تاجر اتحاد تاجر برادری کے مسائل کے حل کےلئے عملی جدوجہد کر رہے ہیں۔ اس جدوجہد کا مقصد ہے کہ تاجر برادری کا کوئی مسئلہ حل طلب نہ رہے۔ چیمبر آف کامرس کے الیکشن کے حوالے سے تاجر برادری اور تاجر تنظیموں سے مکمل رابطے میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود تاجر برادری کے حقوق کےلئے ہمیشہ عملی جدوجہد کرنے پر لاہور بزنس مین فرنٹ کے رہنماؤں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ ملکی معیشت کے استحکام، بے روزگاری کے خاتمے اور فلاح عامہ کے حوالے سے کردار ادا کرتے رہینگے۔ لاہور بزنس مین فرنٹ اور عوامی تاجر اتحاد عوام اور بزنس کمیونٹی کی چیمبر سے وابستہ توقعات پر پورا اترنے میں بھر پور کردار ادا کرینگے۔ اجلاس میں صدر پی اے ٹی لاہور چودھری محمد افضل گجر اور حافظ غلام فرید نے خصوصی شرکت کی۔
تبصرہ