عوامی تاجر اتحاد کا چیمبر آف کامرس کے الیکشن میں حصہ لینے کا اعلان
راشد چودھری ایسوسی ایٹ کلاس کے لئے نامزد، حکومت تاجروں کے مسائل حل کرے
اجلاس میں حاجی اسحاق، الطاف رندھاوا، راشد چودھری، تاجروں تنظیموں کے رہنماؤں کی شرکت
لاہور (24 اگست 2020ء) پاکستان عوامی تحریک کے ٹریڈرز ونگ عوامی تاجر اتحاد نے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری 2020ء کے الیکشن میں حصہ لینے کا اعلان کر دیا ہے اور محمد راشد چودھری کو ایسوسی ایٹ کلاس کے لئے امیدوار نامزد کر دیا ہے، مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ خصوصی اجلاس میں لاہور کی مختلف مارکیٹس اور عوامی تاجر اتحاد کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں حاجی محمد اسحاق، الطاف رندھاوا، شہزاد رسول، راشد چودھری، ثاقب بھٹی، سعید رضا بغدادی، شہزاد خان، جنید وارثی، علی بٹ، رانا نعیم، عامر رفیع، حاجی یونس راٹھ نے شرکت کی۔
تاجر رہنماؤں نے کہا کہ موجودہ حکمران اس تاثر کو دور کریں کہ حکومت کو تاجر برادری کے مسائل کے حل سے دلچسپی نہیں ہے، انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وباء سے نمٹنے کے لئے تاجر برادری نے حکومت کے ہر فیصلے کو تسلیم کیا اور اس کی بھاری قیمت چکائی اور نقصانات برداشت کئے مگر کسی بھی موقع پر تاجر برادری نے قانون میں ہاتھ میں لینے کی کوشش نہیں کی لہٰذا اب حکومت کی بھی یہ قانونی اور اخلاقی ذمہ داری ہے کہ وہ تاجروں کے مسائل بھی حل کرے اور کورونا وائرس کی وباء کے دوران پہنچنے والے نقصان کا بھی ازالہ کرے، اس کے لئے تاجر برادری کو اپنے کاروبار کو دوبار ہ بحال کرنے کے لئے انٹرسٹ فری لون دیئے جائیں۔ بجلی، گیس کی قیمتوں میں کمی کی جائے اور تجارتی اور سبزی منڈیوں میں سیوریج کے جدید نظام کے لئے رقوم مختص کی جائیں، انہوں نے کہا کہ تاجر قانون پسند ہیں ان کے ساتھ حکومت ہمدردانہ برتاؤ کرے۔
تبصرہ