پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب کا اہم اجلاس
پاکستان عوامی تحریک انتظامی بنیادوں پر صوبہ بنانے کی پرزور حامی ہے۔ راجہ زاہد محمود
بلدیاتی انتخابات کےلئے عوامی رابطہ مہم کا آغاز جنوبی پنجاب سے کر دیا گیا ہے: مرکزی نائب صدر
حکومت مہنگائی اور سٹریٹ کرائم کنٹرول کرے: عارف چوہدری
بلدیاتی انتخابات میں مزید تاخیر آئین کی خلاف ورزی ہوگی، الیکشن کیلئے تیار ہیں: میاں ریحان مقبول
30 ستمبر تک یونین کونسلز میں تنظیم سازی مکمل کی جائیگی، کوآرڈینیشن کمیٹیاں قائم۔ میاں نور احمد سہو
پاکستان عوامی تحریک کے اجلاس سے مرکزی و صوبائی عہدیداران کے خطابات
لاہور (10 اگست 2020ء) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی نائب صدر راجہ زاہد محمود نے کہا ہے کہ ہر آنے والی حکومت نے جنوبی پنجاب کے عوام سے صوبے کے نام پر دھوکہ کیا، موجودہ حکومت نے جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کو اپنے منشور کا حصہ بنایا مگر اب صوبے کی بجائے سیکرٹریٹ قائم کر دیا گیا ہے۔ جنوبی پنجاب کے عوام کو انکا حق علیحدہ صوبے کی صورت میں دینا ہوگا۔ عوامی تحریک انتظامی بنیادوں پر صوبہ بنانے کی پرزور حامی ہے۔ بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لیا جائے گا جس کیلئے عوامی رابطہ مہم کا آغاز جنوبی پنجاب سے کر دیا گیا ہے۔ پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب کے عوام کا مقدمہ لڑے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جنوبی پنجاب ملتان میں قائم مقام صدر میاں نور احمد سہو کی زیرصدارت اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
مرکزی سیکرٹری کوآرڈینیشن عارف چوہدری نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک وہ واحد جماعت ہے جس کی پالیسیاں انکے کارکن بناتے ہیں۔ ہم عوامی حقوق کیلئے جدوجہد کررہے ہیں۔ موجودہ حکومت عوام کو ریلیف مہیا کرنے کیلئے اقدامات کرے۔ آٹے، چینی کی قیمتیں، مہنگائی اور سٹریٹ کرائم کنٹرول کرے۔
جنرل سیکرٹری سنٹرل پنجاب میاں ریحان مقبول نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں مزید تاخیر آئین کی خلاف ورزی ہوگی۔ عوام کو اپنے نمائندے منتخب کرنے سے روکنا اور ووٹ کے حق سے محروم رکھنا جمہوریت کی نفی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو ان کے حقوق دہلیز تک پہنچانے کی واحد صورت بلدیاتی نظام ہے۔ پاکستان عوامی تحریک بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے کیلئے پوری طرح تیار ہے۔
پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب کے قائم مقام صدر میاں نور احمد سہو نے کہا کہ عوامی تحریک نظام کی تبدیلی کی موثر آواز ہے۔ نوجوان اس تحریک کا حصہ بنیں۔ 30 ستمبر تک پورے جنوبی پنجاب میں یونین کونسلز میں تنظیم سازی مکمل کی جائے گی۔ جس کیلئے کوآرڈینیشن کمیٹیاں قائم کردی گئی ہیں۔
اجلاس سے ضلعی صدر میجر اقبال چغتائی، راؤ عارف رضوی اور دیگر نے بھی خطاب کیا جبکہ جنوبی پنجاب کے تمام اضلاع سے تعلق رکھنے والے عہدیداران نے شرکت کی۔
تبصرہ