پیرشاہ عبد الحق آف گولڑہ شریف کی رحلت پر عوامی تحریک کے مرکزی قائدین کی تعزیت
خرم نواز گنڈاپور کی گولڑہ شریف میں پیر سید معین الحق اور پیر
سید قطب الحق سے ملاقات، ڈاکٹر طاہرالقادری کا تعزیتی پیغام پہنچایا
اسلام آباد میں سینئر تنظیمی رہنماؤں سے ملاقات، کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی
لاہور (6 اگست 2020) معروف علمی و ادبی اور روحانی شخصیت حضرت پیر شاہ عبد الحق المعروف لالہ جی کی رحلت پر سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک خرم نواز گنڈاپور کی قیادت میں وفد نے گولڑہ شریف اسلام آباد میں انکے صاحبزادگان پیر سید معین الحق اور پیر سید قطب الحق سے تعزیت کی۔ وفد نے دونوں صاحبزادگان کو قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا تعزیتی پیغام بھی پہنچایا۔ وفد میں علامہ رانا محمد ادریس، سید الطاف گیلانی اور دیگر قائدین بھی شامل تھے۔ وفد نے دونوں صاحبزدگان سے حضرت پیرشاہ عبد الحق المعروف لالہ جی کی رحلت پر باری باری تعزیت کی جبکہ اجتماعی طور پر فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔ اس موقع پر خرم نواز گنڈاپورنے پیر سید معین الحق اور پیر سید قطب الحق سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ حضرت پیر شاہ عبد الحق المعروف لالہ جی عالم اسلام کا علمی و ادبی سرمایہ اور روحانی فیض کے امین تھے۔ انہوں نے کہا کہ پیر صاحب کی رحلت سے عالم اسلام ایک جید و باعمل عالم دین اور صالح مرد قلندر سے محروم ہو گیا ہے۔ خرم نواز گنڈاپورنے کہا پیر صاحب کی رحلت پر لواحقین اور انکے عقیدت مندوں کے غم میں برابر شریک ہیں۔
دریں اثناء پاکستا ن عوامی تحریک کے مرکزی قائدین کے وفد نے گولڑہ شریف پیر مہر علی شاہ رحمۃ اللہ علیہ، پیر سید نصیر الدین نصیر رحمۃ اللہ علیہ اور حضرت پیرشاہ عبد الحق المعروف لالہ جی کے مزار ات پر حاضری دی۔ وفد میں اسلام آباد تنظیم کے سنیئر رہنما میر اشتیاق احمد ایڈووکیٹ، محمد حفیظ اعوان، ابرار رضا ایڈووکیٹ، راجہ منیر اعجاز، حمزہ بٹ، ضیاء رسول بٹ، افتخار گجر، راجہ اسد اللہ، جاوید ججہ، علامہ قاری احسان قادر شامل تھے۔ اس موقع پر تمام رہنماؤں نے مزارات پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔
دریں اثناء سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک خرم نواز گنڈاپور نے اسلام آباد تنظیم کے اجلاس سے آن لائن گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں ایک سال تک لاک ڈاؤن لگا کر ثابت کر دیا کہ بھارت کی کوئی اخلاقی، جمہوری اخلاقیات نہیں ہیں۔ بھارت اپنے غیر انسانی اور غیر اخلاقی ہتھکنڈوں کی وجہ سے پوری دنیا میں بے نقاب ہو چکا ہے۔ کشمیر کے عوام نے کرہ ارض کی بے مثال قربانیاں دے کر یہ ثابت کر دیا ہے کہ آزادی کےلئے وہ کسی حد تک بھی جا سکتے ہیں اور بھارت کی بندوقیں اور رافیل طیارے انہیں نہ ڈرا سکتے ہیں اور نہ دھمکا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کشمیری عوام کے جذبہ حریت کے ساتھ ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ اقوام متحدہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا نوٹس لے اور کشمیری عوام کا محاصرہ ختم کروائے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا واحد حل استصواب رائے ہے۔
تبصرہ