لوڈشیڈنگ، بیروزگاری نے عوام کو بے حال کررکھا ہے: خرم نواز گنڈاپور
کالا باغ ڈیم سمیت دیگر ڈیموں کی تعمیر پاکستان کی ترقی اور بقاء کے لئے ناگزیر ہے
سابق حکمرانوں نے کمیشنوں کیلئے توانائی بحران پیچیدہ بنایا، سزا پورا ملک بھگت رہا ہے
پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں اضافہ ہر شے پر اثر انداز ہوتا ہے، سیکرٹری جنرل پی اے ٹی
لاہور (4 اگست 2020ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے پچھلے پانچ ماہ سے صنعتیں بند پڑی ہیں اس کے باوجود عوام بجلی اور پانی کے لئے ترس رہے ہیں، لوڈشیڈنگ، بیروزگاری نے عوام کو بے حال کررکھا ہے۔ کراچی، جنوبی پنجاب، لاہور ودیگر شہروں اور دیہاتوں میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے، دیہاتوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 10 سے 12 گھنٹے تک پہنچ چکا ہے، بااثر افراد، چوروں، لٹیروں کے ڈیروں پر چوری کی بجلی استعمال ہورہی ہے اور رزق حلال کمانے و کھانے والوں کو اووربلنگ کی جارہی ہے، چھوٹے تاجر، غریب عوام کورونا وائرس کی وجہ سے بیروزگاری کا شکار ہیں، کالا باغ ڈیم کی تعمیر سے غریب عوام کو لوڈشیڈنگ سے نجات اور سستی بجلی ملنے کے ساتھ ساتھ صنعت کا رکا ہوا پہیہ بھی چلے گا، لاکھوں بیروزگار افراد کو گھر کی دہلیز کے قریب روزگار بھی ملے گا، حکومت مہنگائی، بیروزگاری اور لوڈشیڈنگ پر قابو پانے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر فوری اقدامات کرے، سابق حکمرانوں نے اپنی کمیشنوں کے لئے توانائی کے بحران کو پیچیدہ بنایا جس کی سزا آج پورا ملک بھگت رہا ہے، ان خیالات کااظہار انہوں نے پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے رہنماؤں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا، ملاقات میں سنٹرل پنجاب کے صدر بشارت جسپال، جنرل سیکرٹری میاں ریحان مقبول، میاں عبدالقادر، میاں کاشف، چودھری افضل گجر، شفاقت مغل، میاں افتخار و دیگر رہنما موجود تھے۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ زراعت اور صنعت کی تباہی کی وجہ سابق حکمرانوں کی بدنیتی اور سستی بجلی کے منصوبے نہ لگانا ہے، انہوں نے کہا کہ تمام صوبوں میں اتفاق رائے پیدا کر کے کالا باغ ڈیم کی تعمیر شروع کی جائے تاکہ ملک میں بجلی اور آبپاشی کے لئے پانی کے کمی کے بحران پر قابو پایا جا سکے، کالا باغ ڈیم سمیت دیگر ڈیموں کی تعمیر پاکستان کی ترقی اور بقاء کے لئے ناگزیر ہے، قومی اہمیت کے حامل تمام منصوبوں کی جلد تعمیر کو یقینی بنانا ہو گا، خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ کالا باغ ڈیم کی تعمیر سے بجلی بحران پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ 60 لاکھ ایکڑ زمین کو قابل کاشت بنایا جا سکتا ہے، کالا باغ ڈیم کی تعمیر سے ترقی اور خوشحالی کا ایک نیا دور شروع ہو سکتا ہے۔ خرم نواز گنڈا پور نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں اضافہ ہر شے پر اثر انداز ہوتا ہے، پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں اضافہ مہنگائی میں اضافے کا سبب بنتا ہے، انہوں نے کہا کہ اضافے کا بوجھ براہ راست عوام پر آتا ہے، عوام پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں، انہوں نے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فوری کمی کی جائے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مہنگائی کی چکی میں پسے ہوئے عوام پر ظلم ہے۔
تبصرہ