دہشتگردی کے خاتمے کیلئے غیر ملکی فنڈنگ ختم کرنا ہو گی: خرم نواز گنڈاپور
انسداد دہشت گردی ترمیمی بل دیر آید درست آید:سیکرٹری جنرل عوامی تحریک
لاہور(29 جولائی 2020ء) سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک خرم نواز گنڈاپور نے انسداد دہشتگردی ایکٹ ترمیمی بل 2020ء اور سلامتی کونسل سکیورٹی کونسل ترمیمی بل کی منظوری پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ترمیمی بل خوش آئند ہیں، دیر آید درست آید یہ کام بہت پہلے ہو جانا چاہیے تھا، اب بھی اس ترمیمی بل میں ایک سقم موجود ہے، یہ ترمیمی بل اس وقت تک نامکمل ہے جب تک غیر ملکی فنڈنگ کے حوالے سے کوئی ٹھوس لائحہ عمل تیار نہیں کیا جاتا، تمام ایسی تنظیمات اور مدارس کا مکمل آڈٹ ناگزیر ہے جنہیں غیر ملکی فنڈنگ آتی ہے، ترمیمی بل میں غیر ملکی فنڈنگ پر چلنے والی تنظیموں کے آڈٹ کے حوالے سے کوئی واضح پیش رفت ہونا چاہیے، انہوں نے کہا کہ پوری دنیا کا سب سے بڑا مسئلہ دہشت گردی، انتہا پسندی کا خاتمہ اور مثالی امن و امان کا قیام ہے، اصل کام دہشت گردی کو فروغ دینے والے عوامل کا مکمل خاتمہ ہے، جب تک خفیہ اور غیر قانونی فنڈنگ بند نہیں ہوتی دہشت گردی، انتہا پسندی ختم نہیں ہو گی، سیاسی، سماجی ناانصافیوں کا خاتمہ کرنا ہو گا، پاکستان عوامی تحریک نے ہمیشہ انتہاپسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے جدوجہد کی۔ انہوں نے کہا کہ قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے انتہا پسندی اور دہشتگردی کے خاتمے کے لئے 600 صفحات پر مشتمل فتویٰ دے کر نہ صرف ملت اسلامیہ بلکہ انسانیت پر احسان کیا اور ثابت کیا کہ اسلام دین امن و رحمت ہے۔
تبصرہ