ملک میں احتساب ہے اور نہ انصاف: خرم نواز گنڈا پور
انصاف کی فراہمی کےلئے حکومت پیٹ کاٹ کر وسائل مہیا کرے
6 سال سے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتل دندناتے پھر رہے ہیں
ادارے خط وکتابت سے آگے بڑھیں : سیکرٹری جنرل عوامی تحریک
اسمبلیوں میں بیٹھنے والے شفاف احتساب نہیں ہونے دینگے
لاہور (26 جولائی 2020) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ ملک میں انصاف ہے نہ احتساب، ادارے خط و کتابت سے آگے بڑھیں اور احتساب اور انصاف کے راستے میں حائل رکاوٹیں دور کریں۔ انصاف اور احتساب کو یقینی بنانے کےلئے حکومت کی طرف سے فنڈز کی کمی کا رونا رونے پر افسوس ہوا۔ وہ مرکزی سیکرٹریٹ میں عوامی تحریک کے رہنماؤں میاں ریحان مقبول، راجہ زاہد محمود، عارف چوہدری، افضل گجر و دیگر رہنماؤں سے گفتگو کر رہے تھے۔
انہوں نے کہاکہ عدالتیں کہتی ہیں کہ نیب کام نہیں کر رہا۔ نیب کے چیئرمین کہتے ہیں فیصلوں میں تاخیر کی ذمہ دار عدالتیں ہیں عوام سب کا منہ دیکھ رہے ہیں۔ یہ بات ناقابل تردید حقیقت ہے کہ ملک میں احتساب اور انصاف دونوں مفقود ہیں۔ دو سال میں لوٹ مار کے میگا کیسز میں کسی کو سزا نہیں ہوئی اور اگر کسی کو ہوئی تو وہ لندن میں اسی محل میں بیٹھا ہے جس محل کی منی ٹریل نہ دے سکنے پر اسے سزا ہوئی تھی۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں انصاف اور احتساب نام کی کوئی چیز ہوتی تو سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتل کھلے عام دندناتے نہ پھرتے اور انصاف مانگنے والے مظلوم جھوٹے مقدمات میں جیلوں میں بند نہ ہوتے۔
انہوں نے کہاکہ انصاف کے اعلیٰ ادارے انصاف کے عمل کو پٹڑی پر چڑھانے کےلئے کوئی ٹھوس لائحہ عمل دیں۔ پارلیمنٹ میں بیٹھے ہوئے دونوں طرف کے لوگ شفاف احتساب کے قانونی کلچر کو کبھی پروان نہیں چڑھنے دینگے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت انصاف اور احتساب کےلئے ججز اور عدالتوں کی کمی کو پورا کرنے کےلئے اپنا پیٹ کاٹ کر وسائل مہیا کرے۔ وزیر اعظم عمران خان اپنی ہر تقریر میں کہتے رہے کہ احتساب اور کرشن کے خاتمے کے بغیر ملک کبھی اپنے پاؤں پر کھڑا نہیں ہو سکتا۔
تبصرہ