سوشل میڈیا پر نوجوان نسل کو گمراہ کرنیوالے گروہ متحرک ہیں : عوامی تحریک
آزادی اظہار کی آڑ میں اسلام اور پاکستان کی آئیڈیالوجی کا مذاق اڑایا جا رہا ہے
حکومتی پالیسیوں پر تنقید ہو سکتی ہے مگر ریاست پر نہیں : مرکزی سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی
عوامی تحریک کے رہنماؤں کے وفد کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی سے ملاقات
لاہور (23 جولائی 2020) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر نوجوان نسل کو گمراہ کرنیوالے گروہ متحرک ہیں۔ آزادی اظہار کی آڑ میں اسلام اور پاکستان کی آئیڈیالوجی کا مذاق اڑایا جا رہا ہے۔ پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی فکر کے مطابق عوامی تحریک کے نوجوان کسی کو اخلاقی اور مذہبی اقدار ملیا میٹ کرنے کرنے کی ہر گز اجازت نہیں دینگے۔ حکومت اور اسکی پالیسیوں، بیڈ گورننس پر تنقیدتو ہو سکتی ہے مگرجو عناصر ریاست کوٹارگٹ کرتے ہیں انکو کھلی چھوٹ نہیں دی جا سکتی۔ عوامی تحریک کے سیکرٹریز اطلاعات اور سوشل میڈیا ایکٹویسٹ ہر قسم کی فکری دہشتگردی کی روک تھام کےلئے اپنا قلم اور ذہن استعمال کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیکرٹری کوآرڈینیشن عارف چوہدری کی قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد میں سنٹرل پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات بدیع الزمان بھٹی ایڈووکیٹ، ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات رانا جنید علی شامل تھے۔
بدیع الزمان بھٹی نے بتایا کہ سنٹرل پنجاب کے 19 اضلاع میں سے 18 اضلاع میں سیکرٹری اطلاعات کا تقرر عمل میں آ چکا ہے۔ عیدالضحیٰ کے بعد لاہور، فیصل آباد اور گوجرانوالا میں میڈیا ورکشاپس کا اہتمام کیا جائیگا اور سیکرٹریز اطلاعات کو سوشل میڈیا کے مختلف ٹولز استعمال کرنے کے حوالے سے ٹریننگ دی جائے گی۔ بدیع الزمان بھٹی نے کہا کہ اگلے مرحلے میں تحصیل کی سطح پر سیکرٹری اطلاعات مقرر کئے جائینگے۔
تبصرہ