مسائل کی جڑ اس نظام کو بدلنا ہو گا: خرم نواز گنڈاپور
مڈٹرم الیکشن یا قومی حکومت کسی سے مسائل حل نہیں ہوتے
عمران خان نے تبدیلی کے نعرے سے توجہ حاصل کی تھی، سیکرٹری جنرل
لاہور (22 جولائی 2020ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ مڈٹرم الیکشن، قومی حکومت کی تشکیل یا مارشل لاء یہ سارے ٹوٹکے آزمائے جا چکے ہیں، مسائل کی جڑ یہ قاتل نظام ہے، اسے بدلنا ہو گا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری لوٹ کھسوٹ کے اس نظام کا اصل چہرہ قوم کو دکھا چکے ہیں، جتنی جلدی اس نظام سے نجات حاصل کر لی جائے گی ملک اور قوم کے مستقبل کے لئے اتنا ہی اچھا ہوگا، عمران خان نے تبدیلی کا نعرہ لگا کر توجہ حاصل کی، انہوں نے وعدوں پر عمل نہ کیا تو آئندہ پڑھے لکھے عوام تبدیلی کا نعرہ لگانے والے کسی لیڈر اور جماعت پر اعتماد نہیں کریں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل ورکنگ کونسل کے اجلاس میں کیا، اجلاس میں مرکزی نائب صدر بریگیڈیئر(ر) اقبال احمد خان، نائب ناظم اعلیٰ رفیق نجم، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی، جواد حامد، نائب صدر پنجاب راجہ زاہد محمود، سید امجد علی شاہ، سیکرٹری کوآرڈینیشن عارف چودھری، یوتھ لیگ کے مرکزی صدر مظہر محمود علوی، ایم ایس ایم کے مرکزی صدر عرفان یوسف، شہزاد رسول و دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔
خرم نواز گنڈاپور نے مزید کہا کہ یہ نظام قاتلوں کو تحفظ دیتا ہے، گزشتہ روز سپریم کورٹ کے جج مسٹر جسٹس مقبول باقر نے ایک کیس کے تحریری فیصلہ میں درست کہا کہ عوام 72سال بعد بھی آئین میں دئیے گئے بنیادی حقوق سے محروم ہیں، برداشت اور شفافیت کا مذاق اڑایا جارہا ہے، موجودہ نظام غریب کا دشمن اور کرپٹ کا محافظ ہے، اسے بدلنا ہو گا، عوامی تحریک نظام کی تبدیلی کے لئے کوشاں ہے اور جو سیاسی جمہوری قوت نظام بدلنے کی جدوجہد میں شامل ہو گی عوامی تحریک اس کا خیر مقدم کرے گی۔ اجلاس میں بڑھتی ہوئی مہنگائی، چینی آٹے و دیگر اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافے اور عدم دستیابی پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ ایک جانب تو کورونا کے سبب لوگوں کا روزگار اور کاروبار متاثر ہے، دوسری طرف گندم سے لے کر چینی اور آٹے جیسی بنیادی ضروری اشیاء بھی غریب عوام کی قوت خرید سے دور ہوتی جارہی ہیں، اجلاس میں یہ مطالبہ بھی کیا گیا کہ اگر سبسڈی ختم کر کے غریب عوام پر مزید مہنگائی مسلط کی گئی تو یہ ناقابل برداشت بوجھ ہو گا، بجلی اور گیس کی قیمتوں کو بڑھانے اور سبسڈی میں کمی کرنے سے عوام پر مہنگائی کا بوجھ مزید بڑھے گا، حکومت مہنگائی، ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری پر قابو پا کر غریب عوا م کو ریلیف دینے کے اقدامات کرے۔
تبصرہ